ملک مشکل میں ،سیاسی اختلافات بھلاکرچیلنجز کا مقابلہ کرنا ہو گا:بلاول بھٹو

پشاور (بیورورپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے سیاسی اختلافات چھوڑ کرملکی مسائل کا مقابلہ کرنا ہے،پشاور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا پاکستان میں دہشت گردی ایک بار پھر سر اٹھارہی ہے، ہمیں آپس کی لڑائیاں ختم کرنی ہوں گی، ہم سب نے ملکر اس لیے قربانیاں دیں کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہو،خیبر پختونخوا کے عوام ،پولیس اورافواج کا دہشتگردی کے مقابلے میں صف اول کا کردار ہے، گزشتہ دور میں پارلیمان کو اعتماد میں لیے بغیر دہشت گرد تنظیموں سے بات چیت کی گئی، سنگین دہشتگردوں کو بھی جیلوں سے نکالا گیا ، اس فیصلے کی وجہ سے پولیس، فوجی اور عوام شہید ہوتے جارہے ہیں،سابق وزیر خارجہ نے کہا ڈی آئی خان میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتا ہوں ، گزشتہ دورکے اس ایک فیصلے نے پاکستان کو پیچھے دھکیل دیا ہے، ہم اس ملک ،نظام اور جمہوریت کی بہتری چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں ذوالفقار علی بھٹو شہید کو انصاف دلایا جائے، ہم چاہتے ہیں تاریخ اور لا بک کو درست کیا جائے، چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاقتل کا انصاف مانگنا ہر کسی کا آئینی حق ہے، ذوالفقار علی بھٹو کو بتایا گیا تھا کہ آپ کو ہولناک مثال بنائیں گے، ذوالفقار علی بھٹو نے پوری مسلم دنیا کی قیادت کی اور بھٹو نے مسلم حکمرانوں کو تیل بطور ہتھیار استعمال کرنے کا کہا، اس وقت کے امریکہ مخالف مسلم حکمرانوں کو ختم کیا گیا، ججوں کو ڈکٹیشن دینے کا دروازہ بند کر دیا جائے تو انصاف سب کو مل سکتا ہے۔