سموگ تدارک کیس، خلاف ورزی کرنیوالے ریسٹورنٹس کو سیل ، 50،50ہزار روپے جرمانے کرنے کا حکم
لاہور (کورٹ رپوررٹر) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ تدارک اقدامات کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس کو سیل اور جرمانے کرنے کا حکم دے دیا،لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک کےلئے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے درخواستوں پر سماعت کی،عدالت نے خلاف ورزی کرنے والے جوہر ٹاو¿ن کے کیفے کو فوری سیل کرنے کا حکم دےدیا اور سموگ تدارک اقدامات کی خلاف وزری کرنےوالے ریسٹورنٹس کو 50، 50 ہزار روپے جرمانہ کرنے کا بھی حکم دیا ہے،دوران سماعت ایل ڈی اے کے وکیل نے کہا لاہور کے انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کی تعمیر 25 دسمبر تک مکمل ہو گی جس پر عدالت نے کہا کہ اس کو جلدی مکمل کریں، 25 دسمبر بہت دور ہے، 9 انڈر پاسز کی تعمیر کے باعث ٹریفک جام رہتی ہے،جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے پیر تک آپ مشاورت کر کے عدالت کو بتائیں کب تک انڈر پاسز کی تعمیر مکمل ہو سکتی ہے، اگر میں دن میں بھی انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کرنے کی اجازت دیتا ہوں تو پھر کتنے دن لگیں گے، اس پر مشاورت کریں اور انڈر پاسز کی تزئین و آرائش جلد مکمل کرنے کی حتمی تاریخ دیں،عدالت نے استفسار کیا کیا سی بی ڈی نے کوئی ایک گرین پراجیکٹ شروع کیا ہے؟ یہ بلند وبالا عمارتیں کھڑی کر رہے ہیں مگر گرین پراجیکٹ کوئی شروع نہیں کیا،جوڈیشل واٹر کمیشن نے موقف اپنایا کہ سی بی ڈی سے جب پہلی میٹنگ ہوئی تھی تو انہوں نے کہا تھا گرین پراجیکٹ شروع کریں گے بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے سی بی ڈی سے آئندہ سماعت پر گرین پراجیکٹ سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے درخواستوں پر مزید سماعت پیر تک کےلئے ملتوی کر دی۔



















