کسی ادارے نے تنگ نہیں کیا، صرف 40 دن کا چلہ کاٹا: شیخ رشید

راولپنڈی (بیورورپورٹ) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے مجھے کسی ادارے نے تنگ نہیں کیا، صرف 40 دن کا چلہ کاٹا،لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا چلے کے بعد ٹوئٹکرنا بھی چھوڑ دیا، صرف اخبار پڑھتا ہوں، میرے ساتھ کسی نے کوئی زبردستی نہیں کی، میں نے کسی کےخلاف شہادت نہیں دی،انہوں نے کہا چیف الیکشن کمشنر کے بیان پر اعتماد رکھنا چاہیے کہ 8 فروری کو الیکشن ہوں گے، ابھی کوئی انتخابی مہم نہیں چلا رہا جس دن الیکشن شیڈول آگیا انتخابی مہم شروع کر دوں گا، الیکشن نہ ہوئے تو پرانی تنخواہ پر کام کریں گے،سابق وفاقی وزیر نے کہا ہم نے پنڈی کے دونوں حلقوں میں کام کیا ہے، حلقہ 56 اور 57 سے قلم دوات کے نشان پر الیکشن لڑوں گا، اداروں کا احترام سب پر لازم ہے، سب کو ساتھ لےکر اور امن سے چلنا ہے جبکہ سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی گئی،لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چودھری عبدالعزیز نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت کی،دوران سماعت پنجاب حکومت نے سربراہ عوامی مسلم لیگ سے متعلق درج 10 مقدمات کی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی،جسٹس چودھری عبدالعزیز نے استفسار کیا عدالت مقدمات کی تفتیش میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کرے گی، کیا آپ چاہتے ہیں عدالت مقدمات کی تفتیش بھی کرے جس پر شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے جواب دیا مقدمات کی جو رپورٹ پیش کی گئی ہے عدالت اس کی جانب پڑتال کرے،وکیل سردار عبدالرازق نے سوال اٹھایا شیخ رشید کو 6 ماہ بعد 9 مئی کے مقدمات میں کیسے نامزد کیا گیا، عدالت نے کہا شیخ رشید کے 10 مقدمات کی تفصیل آگئی ہے جس کی کاپی آپ کو فراہم کر دی گئی ہے بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی۔