لاہور (اپنے رپورٹر سے ) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءنے کہا ہے دہشتگردی کی وجہ سے الیکشن ملتوی نہیں کیا جا سکتا، قانون نافذ کرنےوالے ادارے الیکشن میں سکیورٹی کو یقینی بنائیں،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا دہشتگردی کے خطرات تو ہیں، یہ خطرات پہلے بھی تھے، نگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گردی کا خاتمہ کرے، اللہ سب کو محفوظ رکھے اور الیکشن خیر خیریت سے ہو جائیں،انہوں نے کہاہم مضبوط امیدوار لے کر آ رہے ہیں، ساو¿تھ پنجاب میں سیاسی پارٹیوں کی اتنی گرفت نہیں ہے، الیکشن کے حوالے سے ہمارا کام مکمل ہے، آج ہم نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن مکمل کیا ہے، الیکشن شیڈول کا اعلان الیکشن سے 54 دن پہلے ہوتا ہے، اگر الیکشن شیڈول کا اعلان 15 یا 16 دسمبر تک ہو جائے تو یہ بہتر ہے، جس دن الیکشن شیڈول کا اعلان ہوگا اس دن امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی ہو جائے گا،سابق وفاقی وزیر نے کہا عدالتیں موجود ہیں، کسی کے ساتھ کوئی نا انصافی یا تجاوز ہوتا ہے تو وہ رابطہ کرے، بلاول بھٹو زرداری صاحب کہہ رہے ہیں کہ میں فلاں کی سیاست نہیں کرتا، اس سے پہلے جو ہوتا رہا ہے وہ دنیا کو معلوم ہے، ہم پنجاب میں کسی سے الیکشن الائنس نہیں کر رہے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، سابق وفاقی وزیر نے کہا 2013 کی طرح اگر کوئی 10، 15 یا 20 سیٹیں لے بھی جائے تو کیا فرق پڑتا ہے، ن لیگ الیکشن میں اکثریت حاصل کرے گی، ہم پنجاب سے 100 سے زائد سیٹیں حاصل کرنے جا رہے ہیں،انہوں نے مزید کہا فتنہ خان نے لوگوں کے ذہنوں میں نفرت،انتشار ڈالا جس کا نتیجہ9مئی کا سانحہ ہوا،نوازشریف کی ملک سے محبت کسی تعریف یا سرٹیفکیٹ کی محتاج نہیں۔
دہشت گردی کے باعث الیکشن ملتوی نہیں ہو سکتا: رانا ثنا اللہ

















