ایم ڈی واسا کی بہترین حکمت عملی،یومیہ بنیادوں پر مانیٹرنگ، ایک ارب سے زائد ماہانہ ریکوری

لاہور(قمر عباس )ایم ڈی واسا کا محکمہ کے خراب مالی حالات میں بہتری لانے کی حکمت عملی یومیہ کی بنیاد پر ریکوری کی مانیٹرنگ ماہانہ آمدنی ایک ارب سے زائد حاصل، پانی کے ضیاع پر کمرشل صارفین کو 20اور گھریلو کو 10ہزار روپے جرمانہ کے عدالتی فیصلہ پر کارروائی کا آغاز، نجی ہاﺅسنگ سوسائٹیز سے بھی ایکو فار کی مد میں کروڑوں روپے کی وصولی ۔تفصیلات کے مطابق واسا لاہور کا آمدنی سے زائد اخراجات کی وجہ سے محکمہ مالی خسارے کا شکار ہے۔ ماہانہ بجلی کی مد میں ایک ارب کے قریب بلز کی ادائیگی کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ماضی میں ماہانہ ریکوری کے عمل کو بہتر بنانے کی خاطر منصوبہ بندی میں فقدان دیکھنے میں آرہا تھا اس میں بہتری لانے کی خاطر ایم ڈی واسا غفران چودھری کی جانب سے ماہانہ آمدنی کو 55سے 58کروڑ کو ایک ارب سے زائد کی ریکوری کے حصول کو یقینی بنانے کی خاطر تمام تر وسائل کو استعمال کرنے کی حکمت عملی اختیار کی گئی جس میں مستقل ڈیفالٹرز اور ایکو فار سیور اور واٹر کی مد میں واجبات کے حصول کی خاطر آپریشن اور ریونیو کو مشترکہ کارروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی اختیار کر رکھی ہے جس سے مثبت نتائج دیکھنے میں آرہے ہیں۔ واسا کے ریگولر صارفین کی تعداد 7لاکھ سے ذائد ہے اس کے علاوہ دیگر وسائل کو بھی استعمال کیا جا رہا ہے لاہور کی نجی ہاﺅسنگ سوسائٹیز سے ایکو فار کی مد میں سابق بقایاجات اور مستقل بلز کے حصول کویقینی بنایا گیا ہے جس سے واسا کی ماہانہ آمدنی 1ارب سے ذائد تک پہنچ چکی ہے اس کے علاوہ پانی کے ذخائر کو محفوظ رکھنے کی خاطر لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے پانی کے ضیاع پر کمرشل صارفین کے جرمانہ میں 100فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس کے مطابق 10ہزار کی بجائے ان کو 20ہزار اور گھریلو صارفین کو 5ہزار کی بجائے 10ہزار روپے جرمانہ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جس پر واسا لاہور کی جانب سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے پانی کے ضیاع پر جرمانے کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ریکوری میں بہتری کرنے کی خاطر ایم ڈی واسا غفران چودھری کی جانب سے براہ راست یومیہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جاری ہے جس میں تمام ڈائریکٹوریٹس سے آن لائن میٹنگ کرتے ہوئے یومیہ کی ریکوری رپورٹ حاصل کی جا رہی ہے۔ تمام ٹاﺅنز انتظامیہ کو متعلقہ ٹاﺅنز میں سروے کرنے کے احکامات بھی جاری کر رکھے ہیں جس میں غیر قانونی کنکشن کی رپورٹ اور صارف کے خلاف کارروائی کرنے سمیت واسا کے ذمہ دار افسر و فیلڈ ملازمین کے خلاف بھی کارروائی ہو گی ڈیفالٹرز سے ریکوری کے عمل میں تیزی لانے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں ۔