پی آئی اے میں بدانتظامی اتنی بڑھ چکی جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا :فواد حسن فواد

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نگران وفاقی وزیر برائے نجکاری نے کہا ہے کہ پی آئی اے میں بھی بدانتظامی اتنی بڑھ چکی ہے جس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، ان حالات میں پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بننا ممکن ہی نہیں ہے۔ایک انٹرویومیں نگران وفاقی وزیر برائے نجکاری نے کہا کہ جب دیوار پر لکھا نظر آرہا ہو تو فیصلے لے لینے چاہئیں، کوئی بھی جماعت اقتدار میں آجائے پی آئی اے کا بوجھ مزید اٹھانے کا آپشن اب ٹیبل پر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پی آئی اے کی نجکاری کا معاملہ سیاست میں دھکیلا جا رہا ہے، جبکہ پی آئی اے میں بھی بدانتظامی اتنی بڑھ چکی ہے جس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، ان حالات میں پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بننا ممکن ہی نہیں ہے۔فواد حسن فواد نے پی آئی اے کی تباہی کی ذمہ داری تمام سیاسی جماعتوں پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ حیران کن طور پر جو سیاسی جماعت ترمیم کر کے گئی وہی اس کے خلاف بول رہی ہے۔نجکاری کی شفافیت کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ نگران حکومت نے سب سے زیادہ توجہ شفافیت پر دی ہے، جبکہ اب تک اپنایا جانے والا طریقہ کار مکمل شفاف ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر لائنز کی نجکاری کیلئے ایئربلیو کے علاوہ تمام ایئرلائنز سے بات کی ہے، نجکاری کے لیے وفاقی کابینہ ٹرانزیکشن سٹرکچر کی منظوری دیگی، جبکہ اس ماہ کے آخر تک ری اسٹرکچرنگ کا منصوبہ ایس ای سی پی کے پاس لے جائیں گے۔پاکستان اسٹیل ملز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد حسن فواد نے کہا کہ 8 سال سے بند پڑی اسٹیل ملز اب سکریپ سے زیادہ کچھ بھی نہیں ہے، 50 سال کے بعد اس وقت سٹیل ملز کا اثاثہ اسٹیل مل نہیں بلکہ اس کی زمین ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیل ملز مینجمنٹ کام تو کوئی نہیں کر رہی لیکن چوری روکنے میں بھی ناکام ہے۔اسٹیل ملز کو ایکٹو نجکاری فہرست سے نکالے جانے کے سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ اسٹیل مل کے لیے 4 بولیوں میں سے 3 بولی لگانے والے چلے گئے جس وجہ سے سٹیل ملز کی نجکاری روکنا پڑی۔