شفاف انتخابات کیلئے تیار، پولنگ 8 فروری کو ہوگی، چند روز میں شیڈول دینگے،چیف الیکشن کمشنر
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے تمام آئینی و قانونی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ، شفاف و پرامن انتخابات کیلئے پوری طرح تیار اور پرعزم ہیں، پولنگ 8 فروری کو ہوگی، چند روز میں شیڈول کا اعلان کردیں گے۔
قومی ووٹرز ڈے پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اپنے پیغام میں کہا یقین دلاتے ہےں الیکشن کے دوران مکمل تحفظ فراہم کیا جائیگا، آپ مکمل رازداری اور شفافیت کےساتھ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں، کمیشن عوام سے اپیل کرتا ہے ملک و قوم کے روشن مستقبل کےلئے حق رائے دہی استعمال کریں، الیکشن کمیشن کےساتھ تعاون کریں اور پرامن انتخابات کو یقینی بنائیں۔
سکندر سلطان راجہ نے کہاعوام کو یاد رکھنا چاہئے آپکے ہاتھوں میں ووٹ کی طاقت ہے، اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو سامنے رکھ کر ووٹ کا استعمال کریں، بے بنیاد خبروں، افواہوں پر یقین نہ کریں، انتخابی عمل میں بھر پور حصہ لیں، عوام کا حق ہے اور قومی فرض بھی، چیف الیکشن کمشنر نے کہاالیکشن کمیشن عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف عمل ہے، حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ و ترسیل کا کام مکمل ہوچکا، چند دنوں میںریٹرننگ، اسسٹنٹ افسروں کا نوٹیفکیشن اور الیکشن شیڈول دے دینگے، ملک بھر میں پولنگ 8 فروری 2024 کو ہوگی۔



















