عمران خان کا 5سالہ نااہلی کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع

لاہو ر(کورٹ رپورٹر)سابق وزیراعظم وبانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 5سالہ نااہلی کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا،عمران خان نے بیرسٹر گوہر اور علی ظفر کی وساطت سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ۔

درخواست میں کہا گیا ہے الیکشن کمیشن نے 8اگست 2023 ءکو5 سال کےلئے بطور رکن اسمبلی نااہل کیا، الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو الیکشن سے باہر کرنے کےلئے جلد بازی میں غیر قانونی قدم اٹھایا،درخواست میں کہا گیا ہے سپریم کورٹ کے احکامات پر الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے، درخواست گزار الیکشن میں حصہ لینا چاہتا ہے، درخواست گزار پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں،عمران خان نے استدعا کی ہے عدالت الیکشن کمیشن کی جانب سے مجھے 5برس کےلئے نااہل قرار دینے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے، درخواست کے حتمی فیصلے تک نااہلی کا نوٹی فکیشن معطل کیا جائے،درخواست کو جمعہ کوسماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا۔

دوسری جانب توشہ خانہ کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی،احتساب عدالت کے جج بشیر نے توشہ خانہ کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر اڈیالہ جیل میں سماعت کی،دوران سماعت نیب نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت خارج کرنے کی استدعا کی،بانی پی ٹی آئی نے کہا میرے وکیل لطیف کھوسہ ہی دلائل دیں گے، عدالت نے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث سماعتبغیر کارروائی 11 دسمبر تک ملتوی کر دی۔