اسلام آباد، دوحہ (بیورو رپورٹ+ مشرق نیوز) سربراہ حماس اسماعیل ہانیہ نے کہا ہے اسرائیلی حملے سے قبل اپنے دفاع میں اسرائیل پر حملہ کیا، اسرائیل غزہ، بیت المقدس پر ہمیشہ کےلئے قبضہ کرنا چاہتا تھا، پاکستان اسرائیل کو دھمکی دے تو غزہ جنگ رک سکتی ہے۔
مجلس اتحاد امت پاکستان کے زیراہتمام اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں حرمت اقصیٰ کانفرنس سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے اسماعیل ہانیہ نے کہا دنیا میں مسلمانوں کے سب سے بڑے دشمن یہودی ہیں، جنگ میں 20 ہزار بچے، خواتین اور مرد شہید ہوچکے، پاکستان مضبوط ملک ہے، اگر پاکستان اسرائیل کو دھمکی دے تو جنگ رک سکتی ہے، بہت امیدیں ہیں پاکستان اسرائیل کو پسپائی پر مجبور کرےگا۔ حماس سربراہ نے مزید کہا اسرائیل کے جدید ترین ہتھیاروں کو تباہ کررہے ہیں، امید ہے کامیاب ہوں گے۔ اسرائیل اپنے ناپاک ارادوں میں ناکام ہوگا، مجاہدین ہر سطح پر دہشت گرد ریاست کو ناکوں چنے چبوا رہے ہیں۔
وزیر مذہبی امور انیق احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا غزہ پر عرب لیگ کا اجلاس نشستند برخواستند ہے، بہت سارے کام حکمرانوں کے بس میں نہیں ہوتے۔ پاکستان، ترکی، مصر، قطر، سعودی عرب اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انیق احمد نے کہا ڈیڑھ ارب مسلمان خرافات میں کھو گئے، کیا عرب دنیا غزہ کا مسئلہ حل کرنے میں سنجیدہ ہے؟ 57 مسلم ممالک میں کتنے ملک ہیں جنہوں نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہوا ہے؟ مسلمانوں سے زیادہ احتجاج امریکہ اور برطانیہ میں انسانیت کے نام پر ہوا، خوشی ہوئی تمام علما اکٹھے ہوئے ہیں۔
نگراں وفاقی وزیر نے کہا کیا ضروری ہے امت مسلمہ کی ٹریڈ ڈالر میں ہو، مسلمان کبھی جنگ نہیں چاہتا لیکن حالات امت مسلمہ پر جاری ہیں، صلح بھی نہیں ہورہی۔ اگر او آئی سی کے اجلاس سے نتیجہ نہیں نکلتا تو یہ بڑوں کی ناکامی ہے۔
جے یوآئی سربراہ فضل الرحمن نے کہا اسرائیل کو تسلیم کرنے کی جھک ماری جارہی ہے، اپنے اور اسلامی حکمرانوں پر واضح کرتے ہیں، اسرائیل کو تسلیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اسرائیل فلسطین پر قابض ہے، غزہ پراسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کیا، بانیان پاکستان نے اسرائیل کو ناجائز بچہ قرار دیا۔
فضل الرحمن نے کہا ملکی سرزمین پر اسرائیل کے ایجنڈے کو شکست دی، فلسطینی بھائیوں کےساتھ کھڑے ہیں، امریکہ تم نے جاپان پر ایٹم بم برسایا، تم کیسے انصاف کی بات کر سکتے ہو اب دنیا میں فلسطین کی آزادی کی بات ہورہی ہے، بیت المقدس ہمارا ہے، بیت المقدس کو آزاد کرانا ہے، جمہوریت کے علمبردار فلسطین میں انسانیت کا احترام نہیں کر رہے، عالمی ادارے فلسطینیوں کے حقوق کا احترام کریں، اسلامی دنیا فلسطین کی مالی مدد کرے۔ اگر حکمران، اسلامی ممالک اسرائیل کو تسلیم کریں گے توعوام بغاوت کریں گے، کانفرنس کو تسلسل دینے کےلئے ایک اور اجلاس بلایا جائے، 8 دسمبر کو پورے ملک یوم اقصیٰ کے طور پر منایا جائے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا جماعت اسلامی مسئلہ فلسطین کے حل کےلئے اسی نظرئیے کی حامی ہے جو اہل فلسطین اور قائداعظم کا ہے، نگران وزیراعظم کی طرف سے طوفان الاقصیٰ کے ایک روز بعد کیے جانے والے ٹوئٹ میں دوریاستی حل کی تجویز دی گئی، نہیں معلوم آئیڈیا کہاں سے آیا، نگرانوں کے پاس پاکستانی عوام کا مینڈیٹ ہے نہ ہی حکومت فلسطینیوں کی نمائندہ ہے، ماحولیات کے تحفظ کےلئے ایک اسلامی ملک کی جانب سے 30ارب ڈالرکا خطیر فنڈ قائم کیا گیا، حکمرانوں سے سوال ہے امت کو بچانا کس کی ذمہ داری ہے، غزہ میں ہزاروں شہادتیں ہوچکیں، اسرائیل نے شہر پر ہیروشیما اور ناگاساکی سے بھی زیادہ بارود گرایا، مسلمان حکمران امریکی خوف سے اہل فلسطین کی اخلاقی، سیاسی اور مالی مدد سے بھی کترا رہے ہیں۔
سراج الحق نے کہااسرائیل، امریکہ فلسطین میں ظلم کر رہے ہیں، فلسطین کی صورتحال پر جہاد فرض ہو گیا ،غزہ میں ہونےوالے مظالم پر سب کو آواز اٹھانی چاہئے،اہل غزہ کا پیغام گلی،گلی پہنچانا ہے، حکمران درست سمت اقدام اٹھائیں تو علما حمایت کریں گے، عوامی دباو¿ سے راہ راست پر لایا جاسکتا ہے، افغانوں نے امریکہ کو شکست دی وہ دن دورنہیں جب ارض مقدس بھی صیہونیت کا قبرستان بنے گی،عوامی دباو¿ کے نتیجے میں مغرب کی کئی حکومتوں کو اسرائیل کی اندھی حمایت کا بیانیہ ترک کرنا پڑا اگر امریکہ اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے اسلحہ دے رہا ہے تو اسلامی ممالک کے حکمران کیوں خاموش ہیں، کم ازکم اسرائیل کا سفارتی و معاشی بائیکاٹ تو کر سکتے ہیں،بین الاقوامی فلسطین فنڈ قائم کریں، اسرائیل ناجائز ریاست ہے، وجود کو کبھی تسلیم نہیں کیا جائےگا، غزہ میں فوری سیزفائر اور جنگ زدہ علاقے میں امداد کی فراہمی کےلئے رفح کراسنگ کو کھلا جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزیدکہا امریکی جیل میں عافیہ صدیقی کےساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے، امریکہ انسانی حقوق کی باتیں کرتا ہے، امریکہ کی جیل میں بچی محفوظ نہیں ،نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر عافیہ صدیقی کی رہائی کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔
معروف عالم دین ،صدر وفاق المدارس العربیہ مفتی تقی عثمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا قائد اعظم نے اسرائیل کو ناجائز بچہ قرار دے کر کبھی تسلیم نہ کرنے کا اعلان کیا تھا، بانی پاکستان کے ریاستی اعلان سے پاکستان کبھی پیچھے نہیں ہٹ سکتا،مفتی تقی عثمانی نے کہا دو ریاستی حل کی بات کسی صورت قبول نہیں،کوئی بھی مسلمان اسرائیل کی ریاست کو قبول نہیں کرسکتا، فلسطین میں دو ریاستوں کے قیام کا مطالبہ مسترد کرتے ہیں، دو ریاستی حل کی بات سے پرہیز کیا جائے، دو ریاستی حل کا مطلب اسرائیل کو تسلیم کرنا ہے،حسب استطاعت تمام مسلمانوں پرجہاد فرض ہے،فلسطینیوں کی مدد کوپہنچیں، حماس کے لڑنے والوں کو جنگجوکے بجائے مجاہدین کہا جانا چاہیے، عالم اسلام کے پاس وسائل ہیں جو ان کا ناطقہ بند کرسکتے ہیں، دولت کے باوجود مسلم ممالک غلامی کی زندگی بسر کر رہے ہیں،حماس کے جانبازوں نے آزادی کا موقع فراہم کردیا اگرعالم اسلام متحد ہوکر ساتھ دے تو مغربی طاقتیں کچھ نہیں کرسکتیں،خدائی امریکہ نہیں اللہ کے پاس ہے، جنگ بندی کی بجائے غزہ پر بمباری بندکرنے کا مطالبہ کرنا چاہیے، اسرائیل سے فلسطینیوں پر مظالم روکنے کا مطالبہ کرنا چاہیے، تاریخ میں ایسے لمحات آتے ہیں جب صحیح فیصلہ کیا جائے، پورا عالم اسلام مغرب کی غلامی کا شکار ہے، سیاسی معاشی و فوجی اعتبار سے غلامی کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔
مفتی تقی عثمانی نے مزید کہامغربی ممالک خصوصاً امریکہ آزادی کی جدوجہد کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دیتے ہیں یہی معاملہ کشمیریوں کے ساتھ بھی رہا، حماس سیاسی طاقت ہے، صرف لڑنے والے جنگجوو¿ں کا قافلہ نہیں، اسماعیل ہنیہ نے بتایا مجاہدین کی اکثریت حافظ قرآن ہے، مجاہدین کو دہشت گرد کہا جاتا ہے جبکہ اصل دہشتگرد اسرائیل ہے۔
دریں اثنامجلس اتحاد امت پاکستان کے زیر اہتمام فلسطین یکجہتی کانفرنس کے اعلامیے میں کہا گیامغربی ممالک اسرائیل کی ظالمانہ بمباری،جنگی جرائم ،ظلم وستم کی روک تھام اور ہر قسم کی پشت پناہی ختم کریں،بین الاقوامی ماہرین عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے سر براہوں کےخلاف مقدمات دائر کریں،مسجد اقصیٰ ، فلسطین کی آزادی کا اعلان کیا جائے،اہل فلسطین کو اقوام متحدہ قرار دادوں کے مطابق بنیادی حقو ق دئیے جائیں،اعلامیے میں مزید کہا گیا القدس،غزہ کی پٹی و مغربی کنارے پر اسرائیل کی طرف سے عسکری مداخلت ،حصار کو ختم کیا جائے ،نیز رفح بارڈر مستقل طور پر کھولا جائے، حکومت کی طرف سے امدادی جہاز بھیجنا اچھی بات ہے ، اپنے بھائیوں کو امداد پہنچانے کےلئے مزید سہولتیں فراہم کی جائیں ،مسلم ممالک اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنے پرامن مظاہرے دنیا بھر میں جاری رکھیں جن اسلامی ممالک کے سفارتی تعلقات اسرائیل سے قائم ہیں وہ اپنے سفارتی و تجارتی تعلقات ختم اور اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں،جمعة المبارک کو ملک بھر میں یوم مسجد اقصیٰ کے طور پر منا یا جائیگا ،مساجد میں اسرائیلی مظالم کےخلاف قراردادیں پاس کی جائیں۔
پاکستان دھمکی دے تو جنگ رک سکتی ہے ،سربراہ حماس،اسرائیل کو تسلیم کرنے کی اجازت نہیں دینگے، حرمت اقصیٰ کانفرنس



















