لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں چھٹی میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی۔ کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج رئیرایڈمرل جاوید اقبال نے ورکشاپ کا افتتاح کیا۔ میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ قومی سطح کی ورکشاپ ہے جس کا چھٹا ایڈیشن پاکستان نیوی کے زیراہتمام ”محفوظ سمندر خوشحال پاکستان“ کے عنوان کے تحت منعقد کیا جارہا ہے۔ ورکشاپ کا مقصد میری ٹائم سکیورٹی اور بلیو اکانومی کے حوالے سے آگہی کا فروغ اور پاکستان کے میری ٹائم وسائل کوبروئے کار لانے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے میں معاونت ہے۔ علاوہ ازیں یہ ورکشاپ پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں دستیاب مواقع اور درپیش چیلنجز کو اجاگر کرکے ایسے راستے تلاش کرتی ہے جن کے ذریعے ان وسائل اور مواقع کو ملکی اقتصادی ترقی کیلئے استعمال کیا جاسکے۔اس ورکشاپ کے ذریعے سینیٹرز، پارلیمنٹیرینز، سینئر بیوروکریٹس، ماہرین تعلیم، کاروباری اور میڈیا سے وابستہ شخصیات کو ایک ایساپلیٹ فارم میسر آتا ہے جس کی مدد سے میری ٹائم سیکیورٹی اور بلیو اکانومی کیلئے متنوع افراد کی رائے سے ایک جامع پالیسی مرتب کرنے کیلئے سفارشات پیش کی جاسکیں۔ اپنے خطبہ استقبالیہ کے دوران کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج نے ورکشاپ کے شرکاءکو خوش آمدید کہا اور ورکشاپ کی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا۔ رئیرایڈمرل جاوید اقبال نے پالیسی سازی کے ضمن میں پاکستان کے میری ٹائم وسائل پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ قومی سطح پر سمندر کی جانب توجہ مبذول کی جائے اور بحرہند میں رونما ہوتی تبدیلیوں کے پیش نظر اقدامات کئے جائیں کیونکہ یہ تبدیلیاں ہماری قومی سلامتی پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہیں۔ کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج نے اپنے خطاب میں ملکی میری ٹائم مفادات کے تحفظ میں پاک بحریہ کے کردار اور درپیش چیلنجز کا بھی احاطہ کیا۔ میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ دو حصوں میں منعقد کی جائیگی۔ تعلیمی فیز کا انعقاد پاکستان نیوی وار کالج میں ہو گا جبکہ دوسرے حصے میں مختلف میری ٹائم اداروں، پاک بحریہ کی کمانڈز اورکوسٹل /کریک کے علاقوں میں پاک بحریہ کی تنصیبات کے دورے شامل ہیں۔ ورکشاپ کے شرکاءگوادر پورٹ کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے پراجیکٹس کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیں گے۔ میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ 2017سے پاکستان نیوی وار کالج میں منعقد کی جارہی ہے یہ ورکشاپ میری ٹائم سیکٹر اور بلیو اکانومی کیلئے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرنے میں معاون اور نہایت اہمیت کی حامل ہے۔
محفوظ سمندر خوشحال پاکستان،پاکستان نیوی وار کالج میں چھٹی میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ کا آغاز

















