بہاولپور ،چڑیا گھر میں چیتے نے شہری کی جان لے لی، وزیر اعلیٰ کا نوٹس ،تحقیقات شروع

بہاولپور/لاہور( بیورو رپورٹ+ خبرنگار) پنجاب کے ضلع بہاولپور کے شیر باغ چڑیا گھر میں چیتے نے ایک شہری کی جان لے لی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔بتایا گیا ہے کہ بہاولپور کے شیر باغ چڑیا گھر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں چیتے کے حملے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ جنگلے میں موجود چار ٹائیگرز نے شہری کی لاش کو چیر پھاڑ دیا۔واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچی تاہم جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت نہ ہو سکی۔انتظامیہ کا کہنا تھا کہ شہری چیتے کے کورٹ یارڈ میں کیسے داخل ہوا اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چڑیا گھر میں ٹائیگرز کے حملے سے شہری کے جاں بحق کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری وائلڈ لائف اور کمشنر بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی۔انہوں نے واقعہ کی تحقیقات اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غفلت برتنے والے عملے کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے چڑیا گھروں کا سکیورٹی آڈٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے چڑیا گھر کی سیر کیلئے آنیوالے بچوں اور شہریوں کی حفاظت کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کی ہدایت کی ۔