لاہور(اپنے رپورٹر سے )سابق وزیر داخلہ ومرکزی رہنما ن لیگ رانا ثنا نے کہا ہے قائد ن لیگ چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے،نواز شریف کو سزا دینے والے جج نے گھر آکر معافی مانگی، جج کو اسی بنا پر نوکری سے برخاست کر دیا گیا لیکن سزا بحال رکھی گئی۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرم میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا نارووال میں پارٹی اراکین کے درمیان ناراضگی ایک حلقے کی وجہ سے ہے، جب ایک ایک ٹکٹ پر 13، 13 امیدوار ہوں گے تو پھر چھوٹی موٹی ناراضگی یا احتجاج ہو تو ہو گا لیکن پارلیمانی بورڈ میرٹ پر حلقے میں ٹکٹ کافیصلہ کرے گا تو معاملہ حل ہو جائے گا۔
رانا ثنا نے کہاسیاستدانوں کے بچوں کو ہی ٹکٹ دینے پر انہوں نے کہا سیاستدان کے بچے اگر سیاست میں دلچسپی لیں تو اس میں اچھنبے کی کیا بات ہے، جب ایک ڈاکٹر کا بیٹا ڈاکٹر اور ایک انجینئر کا بیٹا انجینئر بن سکتا ہے تو سیاستدان کا بچہ سیاست میں کیوں نہیں آ سکتا اور ہم نے تو صرف ٹکٹ جاری کرنا ہے، جیت کا فیصلہ تو حلقے کے عوام نے کرنا ہے۔
نواز شریف کو سزا دینے والے جج نے گھر آکر معافی مانگی: رانا ثنا


















