لاہور میں گردوں کی پیوندکاری کا ایک اور سکینڈل، 4 ملزمان گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور میں گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کا ایک اور سکینڈل سامنے آگیا، نوکری کا جھانسہ دے کر گردے نکالنے والے گروہ کے 3ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ، ملزمان نے اب تک کم ازکم 90افراد کے گردے نکال لئے اور ایک گردہ 25تا 25 لاکھ روپے کے درمیان بیچا۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں گردہ نکالنے والے کئی گروہ سرگرم ہیں، اب ایک اور نیا گروہ پکڑا گیا ہے جس نے بڑے پیمانے پر لوگوں کو نوکریاں ملنے کا جھانسہ دیکر گردے نکال لئے اور کروڑوں روپے میں بیچ دیئے ۔ایس پی صدر سدرہ خان نے بتایا کہ گروہ نے لاہور سے 90 افراد کے گردے نکلوائے، ملزمان نوکری کا جھانسہ دے کرشہریوں کو اسلام آباد لے جاتے تھے، غیر قانونی پیوند کاری کا عمل اسلام آباد کے فارم ہاﺅس میں کیا جاتا تھا، پیوندکاری میں ملوث ڈاکٹرز کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔ایس پی صدر نے مزید بتایا کہ ملزمان کا ٹارگٹ غریب اور بھٹہ مزدور ہیں، گروہ کے چار ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں،یہ ملزمان نوکری دینے کیلئے میڈیکل ٹیسٹ کا کہہ کر گردہ نکالتے تھے، ایک گردہ 25 سے 50 لاکھ میں بیچا جاتا تھا جس میں ڈاکٹر براہ راست ڈونر سے رابطہ نہیں کرتا تھا۔