انتظامیہ کی مبینہ ڈیل،مچھلی منڈی کو شہر سے باہر آباد کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد خواب

لاہور (خبرنگار) مچھلی منڈی کو شہر سے باہر آباد کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد خواب بن گیا۔ داتا گنج بخش زون انتظامیہ کی مبینہ ڈیل کے باعث منڈی کو جوں کا توں بحال رکھنے کی حوصلہ افزائی کے بعد قریبی تاجروں، رہائشیوں اور مسافروں کو رواں سال بھی اذیت سے دوچار رہنا پڑیگا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ زونل افسر ریگولیشن داتا گنج بخش نے مبینہ طور پر مچھلی منڈی کے تاجروں کیساتھ مبینہ طور پر 15 لاکھ روپے کی ڈیل کررکھی ہے تاہم ڈیل میں طے پانیوالی شرائط کے مطابق منڈی کو امسال یہاں ہی رہنے دیا جائیگا جبکہ اوپر سے دباﺅ آنے کے بعد ٹریفک کی روانی کو متاثر کرنے والی صرف سڑک پر کھڑی ریڑھیوں کیخلاف معمولی آپریشن کیا جائیگا جس کی اطلاع آپ لوگوں کو قبل از وقت کر دی جائیگی، مزید یہ کہ آپریشن کے بعد ایڈمنسٹریٹر کے سامنے ہمارے خلاف احتجاج میں آپ لوگوں کو یہ کہنا ہوگا کہ ہم لوگ کسی بھی انتظامی فیصلے کیلئے تیار ہیں مگر جب تک کوئی بھی حتمی فیصلہ نہیں ہوتا ہمیں وہاں کام کرنے دیا جائے اور داتا گنج بخش زون انتظامیہ کو ہمیں بے جا تنگ کرنے سے منع کیا جائے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اس ڈیل کو چیف افسر اور زونل افسر ریگولیشن سے بھی خفیہ رکھا گیا ہے جس کے بعد افسران کے درمیان پیدا ہونے والی بدگمانی بھی طول پکڑ گئی ہے لیکن یہاں حیران کن اور قابل افسوس امر یہ ہے کہ مچھلی منڈی کی وجہ سے عوام اور تاجروں کو درپیش تکالیف کی جانب کوئی دھیان دینے کو ہی تیار نہیں۔