غزہ،تل ابیب،جنیوا،نیویارک،ریاض(مشرق نیوز،نمائندہ خصوصی)جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد،12 یرغمالیوں کے بدلے مزید 30 فلسطینی خواتین ،بچے اسرائیلی قید سے رہا ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس نے 10 اسرائیلی ،2 تھائی یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا ،بدلے میں 15 فلسطینی خواتین اور اتنے ہی بچے اسرائیلی قید سے آزاد ہوکر گھروں کو پہنچ گئے۔
دریں اثنا حماس ،اسرائیل کے درمیان جاری عارضی جنگ بندی میں مزید توسیع کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے،قطر ی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر ماجد بن الانصاری نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا قطر ثالثی کے فریم ورک پر سخت محنت و جدوجہد کے ساتھ کام کررہا ہے تاکہ غزہ میں انسانی امداد کےلئے حماس ،اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کو مزید 48 گھنٹے تک بڑھایا جائے،ترجمان وزارت خارجہ نے کہا آئندہ 48 گھنٹوں کےلئے ہونےوالی جنگ بندی میں 20 اسرائیلی رہا کیے جائیں گے ،روزانہ کی بنیاد پر 10 اسرائیلی شامل ہوں گے۔
ادھر اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام نے خبردار کیا ہے اشیائے خورونوش کی کمی کے سبب غزہ کی آبادی خصوصاً خواتین ،بچے قحط کے بدترین خدشات سے دو چار ہیں،ورلڈ فوڈ پروگرام نے کہا عملے نے 4 روزہ عارضی جنگ بندی کے دوران جمعے سے اب تک ایک لاکھ 21 ہزار 161 افراد کو کھانا فراہم کیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا غزہ کے مکین تاریخ کے سیاہ ترین دور سے گزر رہے ہیں،غزہ کے محاصرے اور قبضے کے خاتمے کے مطالبے کےلئے متحد ہونا چاہیے،خطے میں میں اتنی بڑی تعداد میں ہونے والی اموات و تباہی سے خوفزدہ ہیں، بیت المقدس کے مشرقی حصے سمیت مقبوضہ مغربی کنارے کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا اسرائیل ،حماس کے درمیان جنگ بندی میں توسیع انسانیت کی جھلک ،امید کی کرن ہے تاہم جنگ بندی غزہ کی پٹی کی امدادی ضروریات کو پورا کرنے کےلئے ناکافی ہے۔
دوسری جانب سعودی کابینہ نے ایک بار پھر غزہ میں مکمل جنگ بندی کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے،سعودی کابینہ نے مکمل جنگ بندی کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا سعودی عرب پورے علاقے میں شہریوں کے تحفظ کو ضروری سمجھتا ہے ،امدادی کارروائیوں کے ذریعے شہریوں کی ضروریات پوری کی جائیں،کابینہ نے قرار دیا آزاد فلسطینی ریاست کے قیام سے ہی پورے خطے کےلئے سلامتی و استحکام ممکن بنایا جا سکتا ہے ، ایسی آزاد فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔
مزید برآںوائٹ ہاو¿س نے حماس کی جانب سے رعایتوں کیلئے امریکی یرغمالیوں کو استعمال کرنے کے اسرائیلی الزامات کو مسترد کردیا،ترجمان جان کربی نے بیان میں کہا حماس کی جانب سے رعایتوں کیلئے امریکی یرغمالیوں کو استعمال کرنے کے کوئی شواہد نہیں ملے،پوری امید ہے جلد ہی غزہ سے امریکی یرغمالیوں کو رہا کرا لیا جائےگا،جان کربی نے کہاتمام یرغمالیوں کو گھر واپس لانا چاہتے ہیں اور عارضی جنگ بندی کا وقفہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
12 یرغمالیوں کے بدلے مزید 30 فلسطینی اسرائیلی قید سے رہا


















