عمران خان پارٹی چیئرمین شپ سے دستبردار ،شیر افضل مروت کی تصدیق،پارٹی ترجمان نے تردید کردی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم عمران خان پارٹی چیئرمین شپ سے دستبردار ،شیر افضل مروت کی تصدیق،پارٹی ترجمان نے تردید کردی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے جیل سے پارٹی کی کور کمیٹی کو پیغام پہنچایاوہ انٹراپارٹی انتخابات میں چیئرمین کے امیدوار نہیں ہوں گے،توشہ خانہ کیس میں سزا کے باعث انٹراپارٹی الیکشن میں بطور چیئرمین نیا امیدوار ہوگا اور انٹرا پارٹی انتخابات میں دوسرا رکن بطور چیئرمین منتخب کیا جائےگا،ذرائع کے مطابق پارٹی چیئرمین ،نائب چیئرمین اور تنظیمی عہدوں پر انتخابات ہوں گے، چیئرمین پی ٹی آئی پارٹی کے تنظیمی اموروفیصلوں کی توثیق خودکریں گے،سزا ختم ہونے پر عمران خان دوبارہ بحیثیت چیئرمین انٹراپارٹی انتخابات میں حصہ لیں گے جبکہ نئے چیئرمین کےلئے نام کا فیصلہ عمران خان خود کریں گے،نئے چیئرمین کےلئے حامد خان اور بیرسٹر گوہر خان کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے،بیرسٹر گوہر مضبوط امیدوار ہیں،حتمی فیصلہ جلد ہوگا۔

ادھر پارٹی کے سینئر نائب صدر شیرافضل مروت نے تصدیق کرتے ہوئے کہاچیئرمین پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے،توشہ خانہ کیس میں فیصلے کی وجہ سے چیئرمین پی ٹی آئی پارٹی عہدے کےلئے اہل نہیں رہے، آئینی و قانونی طور پر چیئرمین پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا روپوش پی ٹی آئی ضلعی صدور متعلقہ ضلعی افسروں سے رابطہ کرکے مجھے آگاہ کریں، کبھی سندھ کبھی پنجاب اور پورے پاکستان میں نظر آئیں گے، مقدمات سے گھبرانے والے نہیں، خطرات کو خطرات نہیں سمجھتے،شیخ رشید نے کچھ سیاسی امور کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی کو میرے ذریعے پیغام بھیجا، چیئرمین پی ٹی آئی نے جو بھی فیصلہ کیا شیخ رشید کو آگاہ کر دوں گا، پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں کو بھی ڈرایا جارہا ہے۔

دوسری جانب ترجمان پی ٹی آئی نے سینئر رہنما کے دعویٰ کی تردید کرتے ہوئے کہاچیئرمین پی ٹی آئی کی انتخابات سے دستبرداری یا کسی اور رہنما کی نامزدگی کا ہرگز کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، انٹراپارٹی انتخابات کے انعقاد، تاریخ و طریقہ کار اور امیدواروں کے تعین سمیت تمام اہم معاملات پر جوں ہی قیادت کسی نتیجے پر پہنچے گی ،باضابطہ طور پر آگاہ کیاجائےگا۔

مزید برآں پی ٹی آئی کے پی میں اختلافات سامنے آگئے،مرکزی رہنما شیر افضل مروت کا عاطف خان کےخلاف مبینہ آڈیو میسج لیک ہوگیا،مبینہ آڈیو میسج میں شیرافضل مروت بتا رہے ہیں عاطف خان نے کارکنوں کو پیغام بھیجا ہے کنونشن سے بائیکاٹ کیا جائے، عاطف پی ٹی آئی پشاور ریجن کے صدر اور ذمہ دار فرد ہیں، انہوں نے نامناسب بات کی ،آڈیو میسج میں بتایا گیا عاطف خان کا کوئی حق نہیں چیئرمین پی ٹی آئی کے کنونشن سے بائیکاٹ کی باتیں کریں،شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر علی امین گنڈاپور کو آڈیو میسج میں بتایا اور کہا معاملے پر عاطف خان کو شوکاز نوٹس دیں، عاطف خان وضاحت دیں کس حیثیت میں بائیکاٹ کی بات کی ،آڈیو میسج میں مزیدبتایا گیا عاطف خان سے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے پوچھا جائےگا۔