راولپنڈی (مشرق نیوز) آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی سکیورٹی کی رپورٹ کی روشنی میں چیئرمین تحریک انصاف اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کا ٹرائل جیل میں ہو گا۔ سائفر کیس میں چیئرمین تحریک انصاف اور شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کرنے یا نہ کرنے سے متعلق آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے فیصلے میں کہا کہ سائفر کیس کی سماعت سننے کے خواہشمند کو روکا نہیں جائے گا اور صحافیوں کو بھی سائفر کیس کی سماعت سننے کی اجازت ہوگی۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ فیملی کے پانچ پانچ افراد کو سماعت پر آنے کی اجازت ہوگی۔ بعدازاں سائفر کیس کی آئندہ سماعت جمعہ یکم دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔
اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش نہ کرنے پر جیل حکام کی رپورٹ پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا تھا کہ اس معاملے پر آرڈر پاس کروں گا۔ اس سے قبل سنجیدہ سکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے جیل حکام نے چیئرمین پی ٹی آئی کو سائفر کیس میں عدالت میں پیش کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
سائفر کیس میں جیل حکام نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عدالت پیشی سے متعلق رپورٹ پیش کی تھی۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ کا جائزہ لیا۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں سائفر کیس کی سماعت کے موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا اور ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹرز عدالت میں پیش ہوئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنیں اور شاہ محمود قریشی کی بیٹی بھی عدالت پہنچیں۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اسلام آباد پولیس کی رپورٹ بھی جیل رپورٹ کے ساتھ منسلک کی ہے جبکہ ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور نے سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا خط عدالت میں پڑھا۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ جیل حکام کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کو پیش نہیں کر سکتے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خط کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو سیکیورٹی وجوہات کے باعث عدالت میں پیش نہیں کر سکتے، اسلام آباد پولیس کو اضافی سکیورٹی کیلئے خط لکھا ہے۔ خط کے مطابق بتایا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سنجیدہ نوعیت کے سکیورٹی خدشات ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کیخلاف سائفر کیس کا ٹرائل جیل میں ہوگا: عدالت

















