انٹرا پارٹی انتخابات کی منظوری،عمران کو پیچھے ہٹانا ممکن نہیں،پی ٹی آئی

اسلام آباد (بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے انٹراپارٹی انتخابات کرانے کی منظوری دےدی،فیصلہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا۔


کورکمیٹی کے اہم ترین اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، تنظیمی سرگرمیوں، پی ٹی آئی قائدین اور کارکنوں کیخلاف جبر و فسطائیت کے جاری سلسلے اور انٹراپارٹی انتخابات سمیت اہم امور پر غور کیا گیا۔

اعلامیے میں کور کمیٹی اراکین نے اڈیالہ جیل کے باہر چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ کی گاڑی کے گھیراو ،اشتعال انگیز نعرے بازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانا ،خواتین کو ہراساں اور غلیظ پروپیگنڈہ کرنان لیگ کا پرانا وطیرہ ہے،مذموم حرکات سے چیئرمین عمران خان یا اہلخانہ کی قوم کی حقیقی آزادی کی جستجو میں کسی قسم کی کمی پیدا کرنا ممکن نہیں۔

کور کمیٹی نے خیبرپختونخوا کے سینئر نائب صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا جنید اکبر خیبرپختونخوا میں پرامن کنونشنز منعقد کرا رہے ہیں ،جھوٹے مقدمات کاسلسلہ فوری بند کیا جائے،کورکمیٹی نے چیئرمین عمران خان کی عدالتی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے مطالبے کا اعادہ بھی کیا ،مقررہ مدت میں انٹراپارٹی انتخابات کرانے کے لائحہ عمل کی باضابطہ منظوری دی گئی۔