اسلام آباد (مشرق نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ کے ماہرین کی ٹیم پاکستانی حکام سے مذاکرات کیلئے اسلام آباد پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف ٹیم وزارت خزانہ کے عہدیداران سے ملاقاتیں کریگی، آئی ایم ایف کے ماہرین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی ایم ایف ماہرین ٹیکس ریونیو اور ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے مشاورت کریں گے، تکنیکی ماہرین کا وفد پاکستانی حکام سے تقریباً ایک ہفتہ ٹیکس پالیسی پر مشاورت کریگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر اور آئی ایم ایف تکنیکی وفد ٹیکس پالیسی میں ترامیم کیلئے اقدامات کریں گے، ٹیکس پالیسی میں ترامیم کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق ماہرین کی مشاورت کا مقصد زیادہ ٹیکس اکٹھا کرنا ہو گا، ریٹیلرز کیلئے سکیم کا بنیادی ڈھانچہ بھی تکنیکی وفد کیساتھ ملکر بنایا جائیگا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ مزید 10 لاکھ لوگ ٹیکس نیٹ میں لاکر ٹیکس دہندگان کی تعداد 60 لاکھ تک پہنچائی جائیگی، تکنیکی وفد کے ساتھ ملکر ٹیکس پالیسی میں ترامیم تیار کی جائیں گی، تیار کی جانیوالی ٹیکس ترامیم آئندہ بجٹ میں نافذالعمل ہوں گی۔
ٹیکس نیٹ میں اضافہ اور پالیسی میں معاونت،آئی ایم ایف ماہرین پاکستان پہنچ گئے

















