مریدکے: اشرف منہاس نے PTI کوخیر باد کہہ دیا

مریدکے(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کے طوفانی دوروں کے دوران قومی اسمبلی کے حلقہ 113اور پی پی 137 سے پی ٹی آئی کی متعدد اہم وکٹیں گر گئیں۔ تحریک انصاف کے یونین کونسل امیدوار اشرف منہاس سمیت شہر کی متعدد وارڈوں سے اہم سیاسی شخصیات نے پاکستان تحریک انصاف کو خیر باد کہہ کر مسلم لیگ ن کے متوقع امیدوار قومی اسمبلی انجینئر رانا احمد عتیق انور اور امیدوار پنجاب اسمبلی چودھری محمد ارشد ورک کی حمائت اعلان کر دیا۔

علاقہ کے قصبہ نما گاو¿ں سیکھم سے پی ٹی آئی کے امیدوار برائے یونین کونسل چیئرمین اور معروف سیاسی شخصیت چودھری اشرف منہاس نے ایک بڑے اجتماع کے دوران اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میںشمولیت اختیار کرکے لیگی امیدواروںکی حمائت کا اعلان کر دیا۔ شہر کے علاقہ محلہ لطیف پارک سے محمد شفیق عر ف بلا، پرانی چونگی سے طارق جٹ، گلشن ظفر کالونی سے میاں عاطف سمیت پی ٹی آئی کے درجنوں کارکن جبکہ محلہ رحمان پورہ سے معروف سیاسی شخصیت چودھری واجد ہنجرانے اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرکے رانا احمد عتیق انور اور چودھری محمد ارشد ورک کی حمائت کا اعلان کر دیا۔

سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے میاں شبیر احمد، رانا ماجد نواز، سید اعجاز الحسن شیرازی، رانا عظمت علی، رانا کاشف الرحمن ،چوھدری سجاد بھٹی، چودھری انعام اللہ ورک، حاجی محمد سلیم بھٹی سمیت دیگر اہم رہنماو¿ں کے ہمراہ علاقہ بھر کے طوفانی دورے کئے اور اہم سیاسی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ جھوٹے نعروں کے بجائے عملی اقدامات کرنے والے آج بھی سیاسی میدان میں موجود ہیں جبکہ پاکستان کو گالی، بد اخلاقی، جھوٹ ، فریب اور بد تہذیبی جیسی لعنتیں دینے والے سیاست میں قصہ پارینہ بن چکے ہیں۔ رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ تحصیل مریدکے میں پچھلے پانچ سال تک تحریک انتشار کی حکومت رہی جنہوںنے مسلم لیگ ن کے دور میں جاری کئے گئے منصوبوں کو تہس نہس کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ انہوںنے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے دنیا کی عظیم ترین ہستی کے روزہ مبارک کے سامنے اپنے گماشتوں کے ذریعے توہین اور بد اخلاقی کروائی جس وجہ سے یہ شخص دنیا بھر میں ایک بد نما دھبے کے طور پر جانا جا رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ آئندہ چند ماہ بعد میاں نوا ز شریف عوام کے ووٹوں کی مدد سے چوتھی بار پاکستان کے وزیر اعظم منتخب ہوں گے اور پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔