ٹوبہ ٹیک سنگھ:مارکیٹ کمیٹی افسروں،آڑھتیوں کا گٹھ جوڑ،پھل ،سبزیاں مہنگی

ٹوبہ ٹیک سنگھ ( میاں افتخار احمد ) مارکیٹ کمیٹی افسران اور آڑھتیوں کا گٹھ جوڑ ،سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں ،ریٹ لسٹیں کاغذی فائلوں تک محدود ہوکر رہ گئیں ،شہریوں کی بڑی تعداد نے شکایت کی ہے کہ انہیں کوئی بھی سبزی یا پھل ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ریٹ لسٹ پر لکھی ہوئی قیمت کے مطابق نہیں مل رہے ،بلکہ دکاندار اور ریڑھی چھابڑی فروش ریٹ لسٹ سے کہیں زیادہ سبزی اور پھل کی قیمت وصول کرتے ہیں۔

مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ریٹ لسٹ کے مطابق درجہ اول کا نیا آلو 100روپے سے 110روپے ،ٹماٹر 110روپے سے 130روپے ،ادرک 363روپے سے 400روپے فی کلو ،بند گوبھی 87روپے سے 100روپے فی کلو،مولی 43سے 50روپے کلو ،شملہ مرچ 105سے 120روپے فی کلو مقرر ہے ،جبکہ مارکیٹ میں دکاندار اور ریڑھی والے نیا آلو 140سے 150روپے فی کلو ،ٹماٹر 200روپے سے 250روپے فی کلو ،ادرک 600روپے سے 700روپے فی کلو ،بند گوبھی 150روپے کلو ،مولی 80روپے فی کلو ،شملہ مرچ اڑھائی سو روپے کلو فروخت کررہے ہیں ،اسی طرح پھل اور دیگر اشیاءخوردونوش بھی انتہائی زائد قیمتوں پر فروخت کی جارہی ہیں ،شہری حلقوں نے ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کو سبزیاں و پھل مقرر کردہ ارزاں نرخوں پر فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ۔