اسلام آباد (بیورورپورٹ) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، اقوام متحدہ کے سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان کشمیریوں کے شانہ بہ شانہ رہے گا۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیل سے جاری اعلامیہ کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے وزیراعظم پاکستان کو آزاد جموں و کشمیر کے دورے کی دعوت دی،وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر آزاد جموں و کشمیر میں توانائی، آبی ذخائر، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں کے دیرینہ مسائل کے حل کےلئے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کےلئے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا، وزیر اعظم نے کہاپاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا،وزیر اعظم نے کہا اقوام متحدہ کے سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان کشمیریوں کے شانہ بہ شانہ رہے گا۔
دریں اثنا نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا،اجلاس میں بریفنگ دی گئی این ڈی ایم اے کے تحت پاکستان میں آفات سے نمٹنے کیلئے لائحہ عمل تیار ہے ،قدرتی آفات سے 2 ماہ پہلے کی پیشن گوئی اور نقصانات کو کم کرنے کیلئے حکمت عملی شامل ہے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ملک میں قدرتی آفات کی پیش گوئی، نمٹنے اور اثرات کو کم کرنے کیلئے این ڈی ایم اے ،این ای او سی کے اقدامات قابل تحسین ہیں، این ڈی ایم اے صوبائی اداروں کےساتھ تعاون سے استعداد کار بڑھانے میں مدد کرے، کوپ۔28 میں پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کےساتھ ساتھ دنیا کو اپنے تجربے سے بھی آگاہ کرے گا۔
حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے:وزیراعظم

















