رپورٹس کے پیچھے لگے رہے تو پھر الیکشن نہیں ہوں گے،پشاور ہائیکورٹ

پشاور (بیورورپورٹ)پشاور ہائی کورٹ نے کہا ہے الیکشن ہورہے ہیں سب کو یکساں مواقع دینے چاہئیں،تمام سیاسی جماعتیں جلسے کررہی ہیں لیکن ایک پارٹی پر پابندی ہے، سیاسی جماعتوں کے جلسے پر ڈپٹی کمشنرز کو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا لیکن ایک پارٹی درخواست دیتی ہے تو دفعہ 144 لگ جاتی ہے۔

پشاور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کو کنونشن کی اجازت نہ ملنے پر توہین عدالت درخواست پر دوبارہ سماعت ہوئی، ایڈووکیٹ جنرل نے کہا ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں کنونشن ، جلسوں کےلئے ایس او پیز تیار کئے گئے ،تمام سیاسی جماعتوں کو پہلے درخواست دینا ہوگی ،ایس او پیز کے مطابق جلسے یا کنونشن کئے جاسکتے ہیں۔

جسٹس اعجاز انور نے کہا اب الیکشن ہورہے ہیں سب کو یکساں مواقع دینے چاہئیں،وکیل درخواست گزار علی زمان ایڈووکیٹ نے کہامتعدد بار درخواست دی لیکن اجازت نہیں دی جارہی جبکہ پشاور میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے بڑا جلسہ کیا ،ایڈووکیٹ جنرل نے کہا رپورٹ ہے امن و امان کے سیریس تھریٹس ہیں، کچھ سیاسی پارٹیز اور رہنماو¿ں کو سیریس تھریٹس ہیں، جسٹس اعجاز انور نے کہاچاہتے ہیں الیکشن پرامن طریقے سے ہوجائیں آپ اگر رپورٹس کے پیچھے لگے رہیں گے تو پھر الیکشن نہیں ہوں گے۔

وکیل درخواست گزار شاہ فیصل ایڈووکیٹ نے کہا درخواست دیں گے ،جلسے کی اجازت دیں، جسٹس اعجاز انور نے کہا حکومتی ایس او پیز کے مطابق درخواست دیں، سڑک پر جلسے کی اجازت نہیں، کسی بھی سیاسی پارٹی کو سڑک پر جلسے کی اجازت دی گئی تو ڈپٹی کمشنر کےخلاف کارروائی کریں گے۔

جسٹس شکیل احمد نے کہا جلسے کریں لیکن سڑکیں بند نہ ہوں، سیاسی جماعتیں اپنا منشور پیش کریں،عوام کو جسے ووٹ دینا ہے ووٹ دیں، ایڈووکیٹ جنرل نے کہا ایس او پیز کے مطابق حلف دیں اداروں کےخلاف تقریر نہیں کریں گے، وکیل درخواست گزار نے کہا پھر بھی اجازت نہیں دیں گے،عدالت نے کہا ایس او پیز آگئے اور اب ریکارڈ کا حصہ ہیں، دفعہ 144 کی مدت ختم ہونے کے بعد آپ درخواست دیں، وکیل درخواست گزار نے کہاکنونشن کےلئے درخواست دینے والے وکیل کو ہراساں کیا جارہا ہے۔

ہائیکورٹ نے کہامتعلقہ پولیس افسر کو آئندہ سماعت پر بلالیتے ہیں، آپ ایس او پیز کے مطابق درخواست دیں اور اداروں پر تنقید نہ کریں، عدالت نے سماعت 29 نومبر تک ملتوی کردی،دریں اثناپشاور ہائیکورٹ نے میئر سوات اور پی ٹی آئی کے 2 سابق اراکین اسمبلی پر درج مقدمہ معطل کردیا،عدالت نے تینوں پی ٹی آئی رہنماو¿ں کے خلاف درج ایف آئی آر معطل کردی اور گرفتار نہ کرنے کا حکم دےدیا۔