اسلام آباد(بیورورپورٹ)سائفر کیس میں عمران خان کی ضمانت درخواست پر ریاست اور وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کردیاگیا۔
جسٹس طارق مسعود کی سربراہی میں جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس عائشہ ملک پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفرکیس میں درخواست ضمانت پرسماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کی طرف سے وکیل سلمان صفدر پیش ہوئے اور انہوں نے ایف آئی آر عدالت میں پڑھ کر سنائی،جسٹس طارق نے سوال کیا کہ یہ معاملہ کب کا ہے؟ ۔
سلمان صفدر نے کہا معاملہ 2022 کا ہے اس پر جسٹس طارق مسعود نے کہا سائفرکا مقدمہ درج ہونے میں پورا سال ہی لگا دیا ہے،کچھ دفعات میں سزا 2 سال ہے،کچھ میں سزائے موت اورعمرقید ہے۔
جسٹس طارق نے ایف آئی اے تفتیشی افسر کے بغیر نوٹس پیش ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا آپ کو کس نے بلایا ہے؟ پیچھے جاکے بیٹھ جائیں،سلمان صفدر نے انکوائری رپورٹ اور مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی پرلگے الزامات پڑھ کرسنائے اور کہا الزام لگایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اعظم خان کوسائفرکو غلط رنگ دینے کا کہا، الزام لگایا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بلواسطہ یا بلاواسطہ ریاست کو نقصان پہنچایا،جسٹس طارق مسعود نے پوچھا شریک ملزمان کے کردار کا تعین ہوا؟ ۔
وکیل صفائی نے کہا اسد عمرکو چھوڑ دیا گیا اور اعظم خان کو ملزم سے استغاثہ کا گواہ بنادیا گیا،جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا پہلے کیس پر کہا گیا اعظم خان ملزم ہیں، انکوائری میں کہاگیا تھاشریک ملزموں کا کردار تفتیش میں طے کیا جائے گا، حتمی تفتیشی رپورٹ میں اعظم خان سے متعلق تفتیشی افسرنے کیا کہا؟عدالت کے پوچھنے پر سلمان صفدر نے کہا تفتیشی افسر نے کوئی واضح مو¿قف نہیں بتایا، اعظم خان اغوا ہوئے اور ان کے اہل خانہ نے مقدمہ بھی اغوا کا درج کرایا، اغوا کے بعد حیران کن طور پر اعظم خان کا 164 کا بیان آگیا، اس پر جسٹس طارق مسعود نے کہا دیکھیں ناں، ایسے پھر سچ سامنے آتا ہے،عدالت نے استفسار کیا سائفرایک سیکرٹ دستاویز تھا یا نہیں؟ ۔
سلمان صفدر نے کہا سائفر ڈی کلاسیفائی ہونے کے بعد سیکرٹ دستاویز نہیں تھا، عدالت نے پوچھا کہ ڈی کلاسیفائی ہونے سے پہلے کیا ملزم نے سائفر کسی کو دکھایا؟ وکیل نے کہا سائفر کسی کو نہیں دکھایا گیا،عدالت نے سوال کیا کہ سائفر ہوا میں لہراکربتا دیا جائے اس میں یہ لکھا ہے توکیا یہ ابلاغ کے زمرے میں نہیں آتا؟ ابھی ہم الزامات کا ٹرائل نہیں کررہے، الزامات کیا ہیں صرف یہ دیکھ رہے ہیں،جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی اس وقت وزیراعظم تھے اور انہوں نے اجلاس میں ساتھیوں سے سائفر شیئرکیا تھا اگر سائفرپرسازش کررہے تھے تو اجلاس کوکیوں ریکارڈ کیا؟ ہمارے سامنے مسئلہ سائفرکا متن لیک کرنے کا ہے۔
جسٹس طارق مسعود نے کہا سائفرکیس کا ٹرائل کالعدم ہونے پر تو اب آپ کا نقصان ہی ہوا ہے، سائفرکیس کے ٹرائل میں اگرکوئی کمی بیشی تھی تو اس کو دفاع کیلئے آپ بعد میں استعمال کرسکتے تھے، سائفرٹرائل کالعدم ہونے کے بعد استغاثہ تمام غلطیاں دورکرکے ٹرائل کرے گا، ہمارے سامنے ضمانت کا کیس تھا جس پر نوٹسز کردیے، صحافی بعد میں کہیں گے جج صاحب کا موڈ ٹھیک نہیں تھا تو ضمانت نہیں دی جبکہ آج نوٹس ہی ہوسکتے تھے،بعد ازاں عدالت نے سائفرکیس میں ریاست اور وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت کےلئے ملتوی کردی ۔
ادھراحتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاو¿نڈز سکینڈل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روزہ توسیع کا حکم نامہ جاری کر دیا، احتساب عدالت کے جج بشیر نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا،تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے چیئرمین پی ٹی آئی 4 دن نیب کی تحویل میں رہ چکے ہیں، نیب کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کے مزید 5 روز جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، نیب کے مطابق جسمانی ریمانڈ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کی گئی، تفتیش کے دوران نئے حقائق سامنے آئے ہیں جن میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
عدالت نے حکم نامے میں کہا نیب کے مطابق تفتیش کے حتمی نتیجے پر پہنچنے کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید جسمانی ریمانڈ ضروری ہے، مقدمے سے متعلق اصل دستاویزات مطلوب ہیں جو علی ظفر ایڈووکیٹ کی تحویل میں ہیں، دستاویزات سے متعلق جرح کے بعد تفتیش مکمل کر لی جائےگی،حکم نامہ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے موقف اپنایا نیب پہلے ہی کیس سے متعلق تمام دستاویزات تحویل میں لے چکا ہے، نیب کو تفتیش کیلئے پہلے ہی مناسب وقت دیا جا چکا ہے، نیب کے پاس مزید جسمانی ریمانڈ کا کوئی قانونی جواز نہیں بنتا،عدالتی حکم نامے کے مطابق دستاویزات سے متعلق جرح کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ میں 5 کے بجائے 2 روز کی توسیع کی جاتی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو 23 نومبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے ۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں فرد جرم کےخلاف اپیل پر سماعت کے موقع پر سابق وزیر اعظم کے وکیل حامد خان نے سپریم کورٹ سے التواءمانگ لیا،عدالت نے حامد خان کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی کر دی۔
سائفر کیس،عمران خان کی ضمانت درخواست پر حکومت کو نوٹس

















