اسلام آباد(بیورورپورٹ)جسٹس مظاہر نقوی کےخلاف تمام شواہد و ثبوت پیش، شو کاز جاری ہوگا یا نہیں؟، فیصلہ بدھ کو ہوگا، سپریم جوڈیشل کونسل نے تمام فریقین کو اجلاس کی کارروائی پبلک کرنے سے روکدیا۔
چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس دوسرے روز بھی جاری رہا ،ذرائع کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل نے شکایت کنندگان کا مو¿قف سننے کی حد تک کارروائی مکمل کرلی،شکایت کنندہ نے جسٹس مظاہر نقوی کےخلاف تمام ثبوت و شواہد پیش کردئیے،کونسل ممبران نے شکایت کنندہ کو سن کر باہر بھیج دیاپھر آپس میں مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی کے اعتراضات پر بھی غور کیا گیا،جسٹس مظاہر نقوی اجلاس میں موجود تھے،جسٹس مظاہر نقوی کے اعتراضات منظور یا مسترد ہوں گے؟ دوسرا اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرنا ہے یا نہیں؟ کونسل نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو بدھ کو جاری کیا جائے گا۔
جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے وکیل خواجہ حارث نے حتمی فیصلے تک کارروائی مکمل ان کیمرہ رکھنے کی استدعا کردی،سپریم کورٹ جوڈیشل کونسل نے تمام فریقین کو اجلاس کی کارروائی پبلک کرنے سے روکدیا ،سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس بدھ کو3 بجے سپریم کورٹ میں دوبارہ ہوگا۔
دریں اثنا سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس سردار طارق مسعود کےخلاف شکایتی ریفرنس متفقہ طور پر خارج کر نے کا حکم نامہ جاری کردیا،حکم نامے میں کہا گیا شکایت کنندہ آمنہ ملک نے تسلیم کیا جسٹس سردار طارق پر لگائے الزامات میں صداقت نہیں، جسٹس سردار طارق کےخلاف شکایت بد نیتی پرمبنی ہے،بدنیتی پر مبنی ریفرنس دائرکرنے پر آمنہ ملک کےخلاف کارروائی کا معاملہ بعد میں دیکھا جائےگا، جسٹس سردار طارق مسعود کی درخواست پر سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی جائےگی۔
حکم نامے میں کہا گیاجسٹس سردار طارق مسعود نے کہا جوابات ،شواہد عوام کے سامنے جاری کیے جائیں،جسٹس سردار طارق مسعود تحریری جواب اور معاملے کو خفیہ رکھنا نہیں چاہتے، جسٹس سردار طارق مسعود کےخلاف شکایت بدنام کرنے کےلئے داخل کی گئی، شکایت مسترد کرتے ہوئے خارج کی جاتی ہے،سپریم جوڈیشل کونسل جھوٹی شکایت ٹوئٹ کرنے پر اظہر صدیق ایڈووکیٹ کو نوٹس جاری کرتی ہے ،7روز میں اپنا موقف بیان کریں، اگر جھوٹی شکایت ٹوئٹ کی ہے تو کیوں نہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔
جسٹس مظاہر کےخلاف تمام شواہدپیش، شو کاز جاری ہوگا یا نہیں؟ فیصلہ محفوظ



















