دوستانہ تعلقات کے خواہشمند،امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، وزیراعظم

رسالپور (بیورو رپورٹ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے پاکستان امن پسند ملک اور تمام ممالک بالخصوص ہمسائیوں کےساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہشمند ہے۔ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاک فوج اندرونی و بیرونی چیلنجزسے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں پاکستان ائر فورس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیرعظم انوار الحق کاکڑ نے کالجزآف فلائنگ ٹریننگ و ایروناٹیکل انجینئرنگ کے کمبائن کورسز سے گریجوایٹ ہونےوالے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا آپکے کیریئر کا آغاز ہورہا ہے، آپ نے ائرفورس اکیڈمی سے بہترین تربیت حاصل کی، پورا یقین ہے اپنی تربیت کی بنیاد پر پوری عزم کےساتھ مستقبل کے چیلنجوں سے نبردآزما ہوں گے، گریجوایشن پریڈ کا معائنہ کرکے بے حد خوشی ہوئی۔

پاس آﺅٹ ہونےوالے گریجوایٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا انوار الحق کاکڑ نے کہا پاک فضائیہ کی شاندار روایات کے امین ہیں، تیزی سے تبدیل ہوتی عالمی و علاقائی تزویراتی تبدیلیوں کے چیلنجوں کے دور میں رہ رہے ہیں، اثرات علاقے اور پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں، سپیس نیٹ ورک، الیکٹرانک وار فیئر، سائبر سپیس، نینو ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی وجہ سے قومی سلامتی و دفاع کے روایتی تصورات میں بڑی تبدیلی رونما ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا اسلحہ کی دوڑ میں شامل نہیں تاہم کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کےلئے تیزی سے تبدیل ہوتی ٹیکنالوجی کے دور کی ضروریات سے نمٹنے کےلئے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے رہیں گے۔ مجھے خوشی ہے پاک فضائیہ نے حال ہی میں ایرو سپیس اور سائبر ڈومین میں ماڈرن نان کنٹیکٹ وارفیئر میں نمایاں ترقی کی۔ پاک فضائیہ مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور بلندیوں کو چھو ئے گی، بات قابل اطمینان ہے افواج پیشہ وارانہ اعتبار سے باصلاحیت اور اندرونی و بیرونی چیلنجوں سے نمٹنے کےلئے اچھی تربیت کی حامل ہےں، مسلح افواج کی دفاع، قومی تعمیر نو میں کردار کو پور ی قوم نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہابہادر مسلح افواج نے آزمائش کے وقت ہمیشہ بڑے حوصلے کا مظاہرہ کیا، امید ہے مستقبل میں بھی پاکستان کا پرچم سربلندرکھیں گے، پاکستان امن پسند ملک ہے اور تمام ممالک بالخصوص ہمسائیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہشمند ہے تاہم امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

وزیراعظم نے کہاواضح کیاکشمیر تنازع حل کئے بغیر امن ممکن نہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کرتے ہیں، بطورقوم ماضی میں چیلنجوں سے نمٹا، مستقبل کے چیلنجزسے بھی نمٹیں گے۔ توقع ہے سب ملکر پاکستان کو مضبوط و خوشحال ملک بنائیں گے، وزیراعظم نے پاس آﺅٹ ہونے والے کیڈٹس کو بیج لگائے۔