اسلام آباد (بیورورپورٹ)توشہ خانہ کیس میں احتساب عدالت نے نیب کو 30 نومبر تک سابق وزیراعظم نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرنے کی ہدایت کر دی۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں آصف زرداری، نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ کیس پرسماعت ہوئی،نواز شریف ،یوسف رضا گیلانی کی جانب سے پلیڈر عدالت میں پیش ہوئے،وکیل صفائی قاضی مصباح نے کہا نیب کو ہدایت کی جائے نواز شریف کا بیان ریکارڈ کیا جائے۔
جج بشیر نے استفسار کیا نواز شریف کو بلاکر بیان ریکارڈ کرانے میں کیا مسئلہ ہے؟نیب پراسیکیوٹر نے کہا تفتیشی افسر بیان ریکارڈ کر لیں کوئی مسئلہ نہیں،نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح نے کہا بیان کیلئے سوالنامہ دیں، جواب جمع کروا دیں گے،نواز شریف کی عدم موجودگی پر ریفرنس فائل ہوا تھا، نواز شریف اب سماعت میں شامل بھی ہو چکے ہیں،احتساب عدالت کے جج بشیر نے نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے نیب کو 30 نومبر تک نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرنے کی ہدایت کر دی۔
دریں اثنا سابق وزیراعظم نوازشریف ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کیخلاف اپیلوں کی سماعت پر 21نومبر کو ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے ،ذرائع کے مطابق 1500 پولیس اہلکارتعینات کئے جائیں گے، غیر متعلقہ افرادکا احاطہ عدالت میں داخلہ ممنوع ہوگا،چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب سماعت کریں گے۔
توشہ خانہ کیس،نیب 30 نومبر تک نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرے،احتساب عدالت



















