اسرائیلی دہشت گردی میں شدت، مزید ہسپتال نشانہ،عمارتیں ملبے کا ڈھیر

غزہ،تل ابیب،یروشلم (مشرق نیوز)اسرائیلی دہشتگردی میں شدت، مزید ہسپتال نشانہ،عمارتیں ملبے کا ڈھیر تفصیلات کے مطابق غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری جاری ہے ، عرب اور عالمی سفارتی کوششوں کے باوجود جنگ بندی کی کوئی امید نظر نہیں آرہی، بمباری میں 76ہزار رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں جبکہ شہدا کی مجموعی تعدادساڑھے 11ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں 4ہزار 660 بچے ، 3ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں،عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی ہلال احمر نے کہا ہے اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی میں معمدانی ہسپتال جسے الاھلی عرب ہسپتال بھی کہتے ہیں پر دھاوا بول دیا ہے،ہلال احمر نے ایک مختصر بیان میں کہا ہے اسرائیلی ٹینکوں نے ہسپتال کو گھیرے میں لے لیا ہے اور اس کی ایمبولینسز کا عملہ زخمیوں تک پہنچنے سے قاصر ہوگیا ہے،فلسطینی ٹیلی ویژن کے مطابق اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کل شام سے لےکر اب تک الاھلی عرب ہسپتال میں تقریباً 100 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں،اسرائیلی نشریاتی ادارے نے وزیر دفاع یوو گیلانٹ کے حوالے سے کہا اسرائیلی فورسز نے غزہ شہر کے پورے مغربی حصے کا کنٹرول مکمل کر لیا ہے، فوج نے پورے شہر کو کنٹرول میں کرنے کا اگلا مرحلہ شروع کردیا ہے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے ہم غزہ پر قبضے کا ارادہ نہیں رکھتے اور یہ ہمارا مقصد نہیں ہے جبکہ ہمارے پاس الشفائ اسپتال میں یرغمالیوں کو رکھے جانے کے ٹھوس شواہد تھے،میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی مرکزی بینک کے مطابق جنگ کے سبب اسرائیلی معیشت کو یومیہ 26 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہو رہا ہے اور غزہ جنگ کی وجہ سے اسرائیلی معیشت کو 50 ارب ڈالرز کا نقصان ہو سکتا ہے،اسرائیل کی وزارت افرادی قوت کی جانب سے کہا گیا ہے غزہ پر جنگ کی وجہ سے ورک فورس میں 20 فیصد کمی آگئی ہے،دوسری جانب اقوام متحدہ نے کہا ہے ایندھن کی کمی کی وجہ سے غزہ کی پٹی کےساتھ رابطے مکمل طور پر منقطع ہو گئے ہیں، غزہ کی پٹی میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز معطل ہیں، مواصلاتی نظام بند ہونے کے باعث ایمبولینسزسے رابطہ کرنا بھی ممکن نہیںرہا۔