مقدمات کا چالان تاخیر سے جمع کرانے کا سلسلہ عروج پر
لاہور (حافظ کاشف سندھو سے ) صوبائی داروالحکومت میں تفتیشی افسران کی جانب سے چالان تاخیر سے جمع کروانے کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا اعلی افسران کی سختیوں کو پس پشت رکھتے ہوئے اکثر تفتیشی افسران پراسکیوشن برانچ میں حیلے بہانے کر کے رفوچکر ہو جاتے ہیں۔ یوں 302ریپ سمیت دیگرمقدمات کے مدعیوں کو انکے چالان جمع کروانے کیلئے رقم کا تقاضا کیا جاتا ہے اگر وہ مطلوبہ رقم ادا نہ کر سکیں تو مدعیوں کو ان کے چالان کی بذریعہ میسجز بوگس اطلاع دے دی جاتی ہے حالانکہ انویسٹی گیشن برانچ کی جانب سے چالان جمع کروانے کیلئے تفتیشی افسران کو رقم بھی تقسیم کی جاتی ہے تاکہ چالان جلد از جلد عدالتوں میں جمع ہو سکیں اس کے باوجود تفتیشی افسران مدعی مقدمہ کو چالان جمع کروانے کیلئے رقم کا تقاضا اور بیجا فرمائشیں کرتے ہیں۔ انویسٹی گیشن آفیسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پہ بتایا مدعی مقدمہ سے پیسے لینا ہماری مجبوری ہے افسران کی بیجا فرمائشیں اور پراسیکیوشن برانچ میں چالان پاس کرنے کے ریٹ مقرر ہیں ہم جو رقم بھی مدعی مقدمہ سے وصول کرتے ہیں۔ پرسیکیوشن برانچ اور افسران کی بے جا فرمایشیں پوری کرنے پہ ہی لگا دیتے ہیں ہماری تنخواہیں اتنی نہیں کہ اپنی جیب سے یہ سب پورا کر سکیں ہمارے بھی بچے ہیں ان کا پیٹ بھی پالنا ہے۔ تفتیشی افسران کی جانب سے عدالتی حکم عدولی بھی عام ہے عدالتی احکامات کے باوجود افسران متعلقہ تھانوں کے تفتیشی آفیسرز کو چالان بروقت جمع کروانے کی تمام تر کوششوں کے باوجود ناکام نظر آتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق عدالتوں میں بروقت چالان نہ جانے سے مدعی مقدمہ کو انصاف کے حصول کیلئے کئی کئی ماہ ذلیل وخوار ہونا پڑتا ہے۔ اکثر مقدمات میں مدعی تفتیشی افسران کی بے جا فرمائشوں سے تنگ آ کر مقدمات کی پیروی چھوڑ دیتے ہیں جبکہ مقدمات میں ملوث ملزمان کو پکڑنے کی بجائے تفتیشی افسران کی طرف سے ملزمان کو کھلی چھٹی مل جاتی ہے۔ یوں آزاد پھرنے والے ملزمان مزید غیر قانونی کارروائیاں کرتے ہوئے ڈرا دھمکا کہ مدعی کو صلح پہ مجبور کر دیتے ہیں اس طرح عوام کو انصاف کے حصول کیلئے اضافی کئی گنا اخراجات اور ذہنی اذیت برداشت کرنی پڑتی ہے پولیس افسران کی طرف سے تھانوں کے تفتیشی افسران کو کئی بار زبانی وتحریری ہدایات کی گئیں کہ وہ اپنے مقدمات کے چالان بروقت جمع کروائیں اور کچھ عرصہ قبل ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی جانب سے اکثر تفتیشی افسران کو سزائیں بھی دی گئی لیکن تفتیشی افسران ٹس سے مس نہیں ہوئے حالانکہ کئی تھانوں میں مقدمات کے چالان جمع کروانے کیلئے اہلکاروں کی سپیشل ڈیوٹیاں بھی لگوائی گئی ہیں۔دوسری طرف تفتیشی افسران ملزمان سے سازباز ہو کر مقدمہ کی مثل پراسکیوشن برانچ میں حاصل کرنے کے بعد کئی کئی ماہ تک اپنے پاس رکھتے ہیں چالان جمع کروانے کا ریکارڈ پراسکیوشن برانچ میں جمع نہیں ہوتا اس طرح سینکڑوں مقدمات ہر سال التواءکا شکار ہو جاتے ہیں، سائلین انصاف کے حصول اور چالان طلبی کیلئے متعلقہ علاقہ مجسٹریٹ کی عدالتوں کا رخ کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں جس پر عدالتوں کی طرف سے چالان جمع کروانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ ریپ کیسوں میں تفتیشی افسران ملزمان کو التواءمیں رکھنے کیلئے کبھی ڈی این اے رپورٹس آنے کا بہانہ بناتے ہیں یا رقم کا تقاضا کرتے ہیں۔ رقم ادانہ کرنے کی صورت میں بیہودہ سوالات کرکے مدعی کو سخت ذہنی ٹارچر کرکے چالان کسی صورت بھی عدالتوں میں بروقت جمع نہیں کرواتے۔ شہریوں و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے ۔آئی جی پنجاب ، سی سی پی او لاہور ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشنز عمران کشور فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے نکمے اور کام چور تفتیشی افسران کی غفلت ولاپرواہی پر انہیں سخت سزا دیں۔



















