لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلا ع سے غیر قانونی تارکین وطن کے انخلاءکا عمل سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سکیورٹی اداروں اور انٹیلی جنس بیسڈ انفارمیشن کے ذریعے مزید تیز کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ لسٹوں اور بغیر لسٹوں والے تمام غیر قانونی تارکین وطن کا پر امن انخلا بہرصورت یقینی بنائیں اورانخلا سے بچنے کیلئے ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں ہجرت کرکے چھپنے کی کوشش کرنے والے غیر قانونی تارکین وطن پر گہری نظر رکھیں، آئی جی پنجاب نے کہاکہ نادرا میں تارکین وطن کے غیر رجسٹرڈ شدہ بچے غیر قانونی مقیم شہریوں میں شمار ہونگے،آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز کو غیر قانونی غیر ملکی تارکین کے انخلا کا عمل اپنی نگرانی میں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ دریں اثناءآئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس سلطان علی خواجہ نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس سلطان علی خواجہ کو خوش آمدید کہا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس سلطان علی خواجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی نیشنل ہائی ویز سنٹرل ریجن علی احمد صابر کیانی اور سی پی او / ڈی ایس پی، موٹر وے، منصور جاوید نے شرکت کی جبکہ پنجاب پولیس کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی راو¿ عبدالکریم، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ، ڈی آئی جی پی ایچ پی ڈاکٹر اطہر وحید، سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) مستنصر فیروزنے اجلاس میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور شہریوں کے مسائل سنے۔آئی جی پنجاب نے شہریوں کی درخواستوں پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ریلیف بارے احکامات جاری کئے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کے مسائل پر متعلقہ سپروائزری افسران سے رپورٹس طلب کرلیں۔آئی جی پنجاب نے ڈی پی اوز کو اپنی نگرانی میں انکوائری کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے مسائل کا بلاتاخیر ازالہ اولین ترجیح، بروقت اقدامات میں تیزی لائی جائے۔
تمام غیر قانونی تارکین وطن کا پر امن انخلاءبہرصورت یقینی بنائیں گے :آئی جی پنجاب


















