لاہور (خبرنگار) وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہیں۔66 روز میں25545ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق66 روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک 12418 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، مجموعی طور25292 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے24333درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔بجلی چوروں کو اب تک47598833 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت2004922561 ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ علاوہ ازیں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پرڈائریکٹر کسٹمرسروسز رائے اصغر کی زیرِنگرانی نادہندگان کے خلاف مہم جاری، اس سلسلے میں چیف انجینئرز تحصیلداروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔ 61 روز سے جاری مہم کے دوران38036 ڈیفالٹرز سے ایک ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کر لی گئی۔ دریں اثناءاسلامیہ پارک سب ڈویژن کی ٹیم نے ایس ڈی او تیمور عالم کی سربراہی میں قرطبہ چوک کے علاقے میں آپریشن کیا، دوران آپریشن جیل روڈ پر واقع چھ منزلہ ”لکی سنٹر“ میں بجلی کی بڑی چوری پکڑی گئی۔ملزمان کی جانب سے چوری کی جانیوالی بجلی کی مالیت 50لاکھ بنتی ہے۔ لیسکو حکام نے ملزمان کیخلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کروادیا ہے جبکہ لکی سنٹر کے سیکرٹری عبداللہ بھٹی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔دوسری جانب میکلوڈ روڈ ڈویڑن کے علاقے ریلوے روڈ پر واقع ”اشرف حسین“ نامی ہوٹل کے مالکان میٹر ٹمپر کرکے بجلی چوری کرتے پکڑے گئے، ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کر کے 23115یونٹس ڈٹیکشن بل چارج کردیا گیا۔ علاوہ ازیں ایس ڈی او جاتی عمرہ سب ڈویژن نے سٹاف کے ہمراہ آپریشن کیا۔دوران آپریشن کوٹ شیخاں کے علاقہ میں کشمیر ہوٹل بجلی چوری میں ملوث پایا گیا اس کے علاوہ ایک جانوروں کا شیڈ اور دو دکانوں میں بھی بجلی چوری کی جا رہی تھی۔موقع پر کنکشن منقطع کر دئیے گئے اور ایف آئی آر کیلئے درخواست متعلقہ تھانے میں جمع کروا دی گئی جبکہ ملزمان کو250,000روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔
بجلی چوری کیخلاف کریک ڈاﺅن، مزید 25545 افراد ملوث، کنکشن منقطع، نادہندگان سے بھی ریکوری

















