لاہور (اپنے نمائندے سے) مسلم لیگ (ق) چیف آرگنائزر چوہدری سرور نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے لیکن عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ،اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں پاکستان نے کیا موقف اپنایا اور کیا تجویز دی ہے اس کی کچھ خبر نہیں ، اگر پاکستانی پاسپورٹ پر سفر ممکن ہوتا تو بیشک بمباری بھی ہو رہی ہوتی میں اپنے فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کےلئے وہاں موجود ہوتا ، پاکستانیوںنے صحت اور تعلیم سمیت ہر شعبے میں دنیا میں اپنا سکہ منوایا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پاکستان مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری ندیم پہلوان کے ہمراہ ورلڈ برج کنسلٹنٹ کی تیسری برانچ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرلطیف پہلوان،نوید پہلوان ایڈوکیٹ ، راﺅ آصف ایڈووکیٹ،چوہدری نعیم ،احسن علی مغل ،حافظ امان اللہ اور دیگر بھی موجود تھے ۔ چوہدری محمد سرور نے سی ای او ورلڈ برج کنسلٹنٹ مرزا سرفراز بیگ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ لندن کا میئر پاکستانی ہے ، سکارٹ لینڈ کے وزیر اعظم کا تعلق پاکستان سے ہے ، سکارٹ لینڈ کے قائد حزب اختلاف کا تعلق پاکستا ن سے ہے ،وہ فلسطینیوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور انہیں کوئی ڈر اور خوف نہیں ۔ہمیں شرمندگی ہوتی ہے ہم مسلمان ملک ہیں، فلسطین میں جو ظلم بربریت ہو رہی ہے ،نہتے معصوم بچوں کا قتل عام ہو رہا ہے ،نسل کشی ہو رہی ہے ،جنگی جرائم ہو رہے ہیں اس پر او آئی سی کا رد عمل کیا ہے ؟۔میرا دل دکھتا ہے کہ ابھی تک یہ نہیں پتہ چلا پاکستان نے او آئی سی میں کیا موقف اپنایا اس نے وہاں کیا تجویز دی ہے ، کوئی تجویز دی جانی چاہیے تھی بیشک وہ منظور ہوتی یا نہ ہوتی ۔ترکی نے ایران نے جو تجویز دی ہے اس کا تو پتہ ہے لیکن یہ نہیں پتہ چلا کہ پاکستان نے کیا تجویز کی ہے جو ہمارے لئے بڑی شرمندگی کا باعث ہے ۔ بیت المقدس یہودیوں کے قبضے میں ہے ، اسرائیل نے اسے جہنم بنا دیا ہے ، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور جنگی جرائم کا مرتکب ہو ر اہے ، کوئی مسلمان ملک ایسا کرتا تو اتنی خاموشی ہوتی ۔اسرائیل فلسطین میں ہزاروں بچوں کو شہید کر چکا ہے ،ہسپتالوں پر بمباری کر رہا ہے ،تعلیمی اداروں پر بمباری کی جارہی ہے اور عالمی برادری خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے ، اس ظلم پر آواز اٹھانی چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ مجھے فخر ہے جب میں برطانیہ کی پارلیمنٹ کا ممبر تھا تو فلسطین اور کشمیر یوں کے لئے بھرپور آواز اٹھاتا تھا ، میں 10 مرتبہ فلسطین ہو کر آیا ہوں ، وہاں گولیاں بھی برس رہی تھیں تو میں اپنے فلسطینیوں بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ان کے ساتھ کھڑا تھا ۔ اب میں برٹش نیشنلٹی چھوڑ چکا ہوں اور پاکستانی پاسپورٹ پر وہاں جایا نہیں جا سکتا ،بیشک وہاں بم بھی برس رہے ہوتے میں فلسطینیوں سے یکجہتی کیلئے وہاں موجود ہوتا ، میں اب بھی اخلاقی طو رپر ان کے ساتھ کھڑا ہوا ہے ، ہمیں فلسطینیوں کا ساتھ دینا ہے ،ظلم کے خلاف آواز بلند کرنی ہے ۔
اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے :چوہدری سرور

















