بہاولپور شہر کے سیوریج سسٹم میں بہتری لانے کیلئے اقدامات کی ہدایت

بہاولپور(بیورورپورٹ) بہاول پور شہر کے سیوریج سسٹم میں بہتری لانے کے لیے مربوط حکمت عملی اور جدید تقاضوں کے مطابق کام کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے تعاون سے بہاول پور شہر کا سیوریج سسٹم میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ جدید ماحولیاتی طریقہ سے نکاس آب کیا جائے۔اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر ظہیر انورجپہ کے دفتر میں پراجیکٹ ریڈینیس فائنانسنگ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام (PRF-PICIIP) کے انفراسٹرکچر انجینئر رضوان جبار نے بریفنگ دی۔

اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن میاں اظہر جاوید، میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر عباس سرور نقوی، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ریاض بھٹی، میونسپل کارپوریشن کے انجینئر، سینیٹیشن آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا پراجیکٹ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کی بہتری اور آنے والے دنوں میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ڈیزائن اور فیزیبلٹی کو مکمل کر کے عملی کام کیا جائے۔قبل ازیں انفراسٹرکچر انجینئر رضوان جبار نے بریفنگ میں بہاول پور شہر کی سیوریج مسائل بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس پراجیکٹ کے تحت ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس، ڈسپوزل سٹیشن، پرانی سیوریج لائنوں کی تبدیلی اور جن مقامات پر سیوریج سسٹم موجود نہیں ہے وہاں پر نئے سیوریج سسٹم کی تنصیب کے کام کیے جائیں گے۔