تعلیمی اداروں میں نشے کے کاروبار کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے تعلیمی اداروں میں نشے کے کاروبار کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، وزارت داخلہ، ضلعی انتظامی افسروں ،آئی جی اسلام آباد نے شرکت کی، وزیرداخلہ سرفرازبگٹی کی زیرنگرانی آپریشن کیلئے کمیٹی تشکیل دےدی گئی،انوارالحق کاکڑ نے کہا منشیات فروش پاکستان کے مستقبل کی تباہی کے درپے ہیں، منشیات فروشوں سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، اجلاس میں وزیراعظم کو اب تک ہونےوالی کارروائیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

دریں اثنانگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت سکھ یاتریوں کو پاکستان کی جانب سے فراہم ویزا سہولیات پرجائزہ اجلاس ہوا، نگران وزیراعظم کو سال بھرمیں ہونےوالے مختلف تہواروں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،انوارالحق کاکڑ نے کہا دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری مہمان ہیں، سکھ یاتریوں کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کرنا ترجیح ہے، سکھ یاتریوں کو ویزا کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز و شفاف بنایا جائے، کرتارپور میں سکھ یاتریوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

علاوہ ازیں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے ملاقات کی،وزیر اعظم نے عالمی ادارہ صحت و دیگر شراکت داروں کی جانب سے شعبہ صحت میں اصلاحات میں تعاون پر شکریہ ادا کیا،انوار الحق کاکڑ نے کہاعالمی ادارہ صحت کے عطیہ کردہ موبائل ہیلتھ کلینکس و ایمبو لینسز سے بنیادی صحت کی سہولیات عام آدمی کی دہلیز تک پہنچائی جائیں گی،بنیادی صحت کی سہولیات ہر پاکستانی کا حق ہے اور حکومت عام آدمی کی رسائی یقینی بنائے گی۔

بعد ازاں وزیر اعظم نے عالمی ادارہ صحت اور وزارت قومی صحت کے مابین لیٹر آف انڈر سٹینڈنگ پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی اور عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عطیہ کی گئیں 5 ایمبولینس، موبائل کلینک اور 2 ویکسی نیشن وینز کا جائزہ لیا۔

مزید برآںنگراں وزیر اعظم انورالحق کاکڑ سے نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر بھی ملے ،جسٹس (ر) مقبول باقر نے انورالحق کاکڑ سے درخواست کی کراچی سرکلر ریلوے کےلئے سویرین گارنٹی جاری کی جائے، سویرن گارنٹی جاری ہو گی تو چینی حکام کے سی آر پراجیکٹ آگے بڑھائیں گے،نگراں وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی کے سی آر پراجیکٹ کی سویرن گارنٹی و دیگر مسائل حل کریں گے،جسٹس (ر) مقبول باقر نے آگاہ کیا ملیر ایکسپریس وے کےلئے وفاقی حکومت کی این او سی جاری ہونی ہے، متعلقہ وفاقی ادارے این او سی دیں گے تو پراجیکٹ وقت پر مکمل ہو جائے گا۔

وزیر اعظم انورالحق کاکڑ نے کہا جلد ہی ملیر ایکسپریس وے کےلئے متعلقہ وزارتوں کو این او سی جاری کرنے کی ہدایات کر دیں گے تاکہ سندھ کا اہم پراجیکٹ مکمل ہو،انوار الحق کاکڑ نے جسٹس (ر) مقبول باقر کو کے 4 پروجیکٹ کی فنڈنگ کا جائزہ لینے کی یقین دہانی بھی کرائی،مقبول باقر نے درخواست کی وفاقی حکومت نے سندھ کے 31 بلین کاٹ لیے لہٰذا ایف بی آر کو کہا جائے کراس ان پٹ ٹیکس کے اعداد و شمار میں مصالحت کرے کیونکہ کراس ان پٹ ٹیکس کا معاملہ ٹھیک ہو گا تو سندھ کو اپنے 31 ارب مل جائیں گے،مسئلہ سننے کے بعد انوار الحق کاکڑ نے ایف بی آر اور ایس بی آر کو بٹھا کر مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔