اسلام آباد(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب کی کانسٹیبل کو برطرفی کرنے کی درخواست خارج کردی،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کانسٹیبل کی معطلی کےخلاف درخواست پر سماعت کی۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کانسٹیبل خاتون کے ساتھ گھر میں نازیبا حرکات میں ملوث پایا گیا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا خاتون تو کہتی ہے کانسٹیبل شوہر ہے، کام پنجاب پولیس کا ہی ہو سکتا ہے،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا پولیس نے مخبری پر کانسٹیبل کا پیچھا کرکے ریڈ کیا۔
چیف جسٹس نے کہا کیا پنجاب پولیس کے مخبر اپنے ہی اہلکاروں کی مخبری کرتے ہیں کون کہاں رات گزارتا ہے؟،جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا نجی گھر میں بغیر وارنٹ پولیس ریڈ کیسے کر سکتی ہے؟ پولیس غیر قانونی ریڈ کر کے اپنے اختیار کا ناجائز استعمال کر رہی ہے، کیا پولیس کے غیر قانونی اقدام کی سپریم کورٹ توثیق کرے؟،چیف جسٹس نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا آپ کے پیچھے کھڑے پولیس اہلکار کون ہیں؟ انہوں نے جواب دیا ایس پی انویسٹی گیشن بہاولنگر ہیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایس پی انویسٹی گیشن بہاولنگر کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کیا بہاولنگر میں کرائم ریٹ صفر ہے جو ایس پی خود معمولی کیس کیلئے سپریم کورٹ آگئے؟ ایس پی انویسٹی گیشن بہاولنگر کی کیس میں کیا ذاتی دلچسپی ہے؟،چیف جسٹس نے سوال کیا اسلام آباد سے بہاولنگر کتنی مسافت پر ہے؟ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا 700 کلومیٹر دور ہے، چیف جسٹس نے کہا پولیس افسر اپنے ذاتی خرچ پر آئے ہیں یا حکومت سے ٹی اے ڈی اے لیں گے؟،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا پولیس افسروں کے مطابق ہدایات ہیں سپریم کورٹ میں خود پیش ہوں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا افسر تو ایسے آئے جیسے اتنا بڑا کیس ہے اورپاکستان کی دیواریں ہل جائیں گی،سپریم کورٹ نے کانسٹیبل کی برطرفی کی آئی جی پنجاب کی درخواست خارج کر دی۔
آئی جی کی کانسٹیبل کو برطرفی کرنے کی درخواست خارج



















