حافظ آباد انتظامیہ کی غفلت،سبزی و فروٹ منڈی فلتھ ڈپو میں تبدیل

سبزی وپھل منڈی میں صفائی کے ناقص انتظامات پر آڑھتی اور مزدور سراپا احتجاج، نوٹس لینے کا مطالبہ
حافظ آباد (قمر عباس)مارکیٹ کمیٹی کے افسران اور عملہ کی غفلت سبزی وفروٹ منڈی فلتھ ڈپومیں تبدیل ہو گئی سیوریج کا نظام ب±ری طرح متاثر ہونے سے تعفن اور بد بو نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آلودہ ماحول کے باعث منڈی میں فروخت ہونے والی سبزی و فروٹ ناقص اور مضر صحت ہونے کا اندیشہ پیدا ہو گیا۔سبزی وپھل منڈی میں صفائی کے ناقص انتظامات پر آڑھتی اور مزدور سراپا احتجاج بن گئے کولو روڈ پر واقع حافظ آباد کی واحد سبزی و فروٹ منڈی میں روزانہ سینکڑوں افراد خریداری کیلئے آتے ہیں،مگر منڈی میں عرصہ دراز سے نکا سی کے ناقص انتظا مات ہونے کے با عث گند ا پا نی جمع ہو چکا ہے۔

مارکیٹ کمیٹی آڑھتیان سے روزانہ کی بنیادوں پر مارکیٹ فیس وصول کرنے کے باوجود مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے صفائی کے ناقص انتظامات ہیں، جس سے جہاں دکاندار اور آڑھتی پریشان ہیں تو وہیں گندے پانی سے ڈینگی سمیت دیگر مہلک بیماریاں پھیلانے کے خدشات بھی لاحق ہو چکے ہیں اور سبزیاں اور پھل مضر صحت ہو رہے ہیں۔گندگی کے حصار میں بیٹھے دکاندار وں کی زندگی بھی اجیرن ہو کر رہ گئی۔ اس سنگین صورتحال کے باوجود مارکیٹ کمیٹی کے افسران اور عملے کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی اور وہ صرف ہاتھوں پر ہاتھ دھرے تماشا دیکھ رہے ہیں۔ آڑھتیان، سبزی و پھل فروشوں کا کہنا ہے کہ سبزی منڈی میں اگر ایک ہفتے کے اندر صفا ئی کے انتظا ما ت نہ کئے گئے تو منڈی کو مکمل طور پر بند کر کے احتجا ج کیا جا ئیگا، جس کی تمام تر ذمہ داری مارکیٹ کمیٹی پر عائد ہو گی۔