اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،خبر نگار)وفاقی کابینہ نے حج پالیسی سمیت اہم فیصلوں کی منظوری دےدی۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی کابینہ نے اینٹی ہیومن سمگلنگ سٹیشن قائم کرنے کی بھی منظوری دی،اجلاس میں بریفنگ دی گئی فارن ایکٹ 1947کے تحت تمام صوبوں کو بے دخلی آرڈر جاری کردیا، پولیس سمیت متعلقہ اداروں کو غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو حراست میں لینے کا پابند کیا ہے، معمولی جرائم میں انڈر ٹرائل و سزا یافتہ غیر ملکیوں کو بے دخل کیا جائےگا، سنگین جرائم میں ملوث غیر ملکیوں کو بے دخل نہیں کیا جائے گا، ضلعی انتظامیہ، پولیس، پراسیکیوشن اور جیل انتظامیہ کو خصوصی اختیارات سونپ دئیے گئے۔
نئی حج پالیسی کے مطابق سرکاری حج سکیم کیلئے درخواستیں نومبر کے وسط تک طلب کر لی جائیں گی، آئندہ سال ایک لاکھ 79210عازمین حج پر جائیں گے، پہلی بار اضافی رقم کےساتھ 20سے25دن کا شارٹ حج پیکیج بھی متعارف کرایا جا رہا ہے، سمندرپار پاکستانیوں کیلئے سپانسرشپ حج سکیم جاری رکھی جائے گی، حج اخراجات کی ادائیگی ڈالرز میں کرنے کی صورت میں قرعہ اندازی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
مدینہ منورہ میں رہائش کیلئے 4سے 8دن کا انتخاب کیا جا سکے گا، شناخت کیلئے حجاج کو دئیے جانے والے بیگ پر پاکستانی پرچم، کیو آر کوڈ اور کوائف درج ہوں گے، حج درخواستوں کے آن لائن اندراج کیلئے موبائل ایپ کا اجرا کیا جائے گا، اکانومی پیکیج ماضی کی طرح 40دن پر ہی محیط ہوگا۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزرا مرتضیٰ سولنگی،سرفراز بگٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر حج پالیسی 2024 ،وزارت ہوا بازی کی سفارش پر فلائی جناح کو بین الاقوامی روٹس پر آپریشنز ،وزارت بحری امور کی سفارش پر تاجکستان کی وزارت صنعت و نیو ٹیکنالوجیز اور پاکستان کی وزارت بحری امور کے مابین صنعتی اشیا،خدمات کے شعبے میں درآمدات و برآمدات بڑھانے کےلئے تعاون کے پروٹوکول پر دستخط کرنے ، پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن کی نجکاری کو نجکاری پروگرام سے نکالنے ،پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کو سپاٹ مارکیٹ سے ایل این جی کے حصول کےلئے جنوری 2024 سے جون 2024 تک پبلک پروکیورمنٹس رولز 2004 کے رول نمبر (1)13 اور 35 سے استثنیٰ ،سوئی سدرن گیس لمیٹڈ کو دو ہزار ایم ٹی سپاٹ ایل پی جی کارگو کے حصول کےلئے نومبر 2023 سے مارچ 2024 تک پبلک پروکیورمنٹس رولز 2004 کے رول 9، 13، 35 اور 40 سے استثنیٰ کی منظوری دیدی ،غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کے انخلا میں توسیع نہیں ہوگی۔
ادھرلاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز ) میں طلبا و طالبات کےساتھ خصوصی نشست کے موقع پر خطاب کرتے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرےگا میرا مینڈیٹ نہیں ،نگران حکومت کاکام الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے،نگران حکومت کا قیام آئینی طریقے سے عمل میں آیا، پنجاب ،خیبرپختونخوا کے الیکشن میرے وزیراعظم بننے سے پہلے تاخیر کا شکار ہو چکے تھے،ایک دوسرے کے سیاسی نظریات کا احترام کرنا چاہیے، تعصبات سے بالاتر ہوکر قومی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنا ہوگا، افغان مہاجرین کوملک سے بے دخل نہیں کیا جا رہا بلکہ غیرقانونی مقیم افراد کو ملک چھوڑنے کا کہا گیا ، دنیا میں کسی بھی غیرملکی کو ویزے کے بغیر آنے کی اجازت نہیں ہوتی۔
وزیراعظم نے کہاطالب علمی کا زمانہ آپ کی زندگی کا قیمتی سرمایہ ہوتا ہے، نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، اپنے نوجوانوں سے بہت سی توقعات ہیں،درست فیصلے آپ کی ترقی و کامیابی کے ضامن ثابت ہوتے ہیں، معیاری تعلیم کے فروغ میں لمز یونیورسٹی کا کردار قابل تعریف ہے، انسان اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتا ہے، کوشش ہوگی آئندہ بھی طلبا و طالبات کے ساتھ نشستیں ہوتی رہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہاسوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، سوشل میڈیا پر ایسے کلچر کو پروموٹ نہیں کرنا چاہیے، سوشل میڈیا پرتنقید کرنےوالے کسی کی ماں، بہن کو بھی نہیں چھوڑتے،پاکستان میں عبوری جمہوریت ہے، مستحکم جمہوریت نہیں ،آزادی اظہاررائے کی بھی کچھ حدود وقیود ہوتی ہیں، 9مئی جیسے واقعات کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جاسکتی، 9مئی کا واقعہ بہت افسوسناک تھا، قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں ،قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا ملے گی، قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ہے۔
20 افسران کا امریکی تربیتی دورہ مکمل، پروبیشن، پیرول ، پریزن نظام میں اصلاحات کیلئے اہم پیشرفت
وزیر اعلیٰ سے ملاقات کو سیاسی رنگ دینا افسوسناک ہے: پیر اشرف رسول
پنجاب میں گندم کے بیج کی قلت، بلیک مارکیٹنگ ، بدانتظامی کے الزامات
پنجاب، 6 مختلف اضلاع میں سٹیٹ آف دی آرٹ کینسر سنٹرز بنانے کا فیصلہ
SIFC معاونت، پاکستان، جنوبی افریقہ معاشی و تجارتی تعاون کے نئے امکانات
سائنسدانوں نے رات کی بینائی متاثر کرنیوالی نئی جینیاتی بیماری دریافت کر لی
ایشیا کپ رائزنگ سٹار، سوریاونشی نے جان بوجھ کر امپائر کو ٹکر مار دی، ویڈیو وائرل
ایسے مناظر کو اہمیت دیتی ہوں جو اداکاری کے اعتبار سے چیلنج ہوں: کریتی سنن
جو پنجاب مجھے ملا تھا وہ جادو ٹونے سے چلتا تھا: وزیراعلیٰ مریم نواز
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے بالکل تیار ہیں: وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری

















