لاہور،شیخوپورہ (خبر نگار،ہیلتھ رپورٹر،بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں پنجاب کابینہ کا31واں اجلاس ہوا جس میں پنجاب حکومت کے رواں مالی سال کے آئندہ 4ماہ نومبر2023تا فروری2024 کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔
، پنجاب کابینہ نے آئندہ 4ماہ کےلئے 2076.2ارب کے بجٹ کی منظوری دی،ترقیاتی اخراجات351ارب،عوام کو ریلیف دینے کےلئے 50ارب مختص کردئیے گئے،شعبہ صحت 208 ،تعلیم 222،زرعی شعبہ 10،نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام ایک ارب 80کروڑ ،پنجاب ٹیکسٹ بکس کےلئے 5ارب ،موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کےلئے 7 ارب30کروڑ مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔
سیکرٹری خزانہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاپنجاب حکومت مالیاتی طور پر مضبوط و مستحکم ہے اورپنجاب حکومت کا بجٹ خسارے میں نہیں بلکہ سرپلس ہے،ورکرز کی کم از کم اجرت 32ہزار روپے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا،اجلاس میںپنجاب بھر خصوصاً شیخوپورہ، ساہیوال،گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور اور قصور میں انسداد سموگ اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی انسداد سموگ اقدامات کی خلاف ورزی کرنے والے کےخلاف زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جائے، کمشنرز ،ڈپٹی کمشنر ز دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور اینٹوں کے بھٹوں کےخلاف موثر کریک ڈاﺅن کریں،کابینہ نے پنجاب پرائس کنٹرول برائے اشیائے ضروریہ آرڈیننس 2023کی منظوری بھی دی۔
دریں اثنامحسن نقوی رات گئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ پہنچے ،وزیر اعلیٰ نے 18گھنٹے میں 5 ویں ہسپتال کا دورہ کیا،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال شیخوپورہ میں مفت ادویات دستیاب تھیں نہ مفت ٹیسٹ سہولت،وارڈز میں گندی بیڈ شیٹس، مس مینجمنٹ، ڈاکٹرز کنٹین میں چارپائیاں ،گندگی موجود تھی،وارڈز میں زیر علاج مریضوں اور تیمارداروں نے شکایات کے انبار لگا دیئے ،محسن نقوی نے ہسپتال کی حالت زار پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ایم ایس ہسپتال کو فوری تبدیل کرنے کا حکم دیا اور چیف ایگزیکٹو افسر کو وارننگ دی۔
پنجاب،آئندہ 4ماہ کابجٹ منظور،عوام کو ریلیف کیلئے 50ارب مختص

















