لفظ وحشی بھی اسرائیل کیلئے ناکافی ،سینٹ میں وحشیانہ بمباری کیخلاف قراردادمنظور

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سینٹ نے غزہ ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کےخلاف قرار داد منظور کر لی۔

قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہااسرائیلی بمباری میں فلسطینیوں کی شہادت پر رنجیدہ ہیں، 8 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ،20 ہزار سے زیادہ زخمی ہیں،شہید فلسطینیوں میں زیادہ تر تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہااسرائیلی فوج نے غزہ میں کھانے، پینے اور ایندھن کی سپلائی بند کر دی، ظلم کےخلاف او آئی سی، اقوام متحدہ و دیگر فورمز پر بات کرنی چاہیے،اسرائیل کی جانب سے بمباری کی شدت میں کوئی کمی نظر نہیں آ رہی، فلسطینیوں کا حق ہے مرضی سے اپنا فیصلہ کر سکیں، دو قومی نظریہ مسئلے پر پورا اترتا ہے۔

سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہا فلسطین کے معاملے پر سب کو متحد اور ایک ہونا ہوگا،دنیا بھر میں اسرائیل کےخلاف احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں، احتجاجی مظاہرے اس لئے کارگر نہیں ہورہے کیونکہ سب متحد نہیں ۔

پی پی رہنما نے کہااو آئی سی کو کردار ادا کرنا ہوگا، لفظ وحشی بھی اسرائیل کیلئے کافی نہیں، منافقت سے نکل کر کھل کر مذمت کرنا ہوگی، امریکی صدر کےساتھ عرب ممالک نے ملنے سے بائیکاٹ کیا ،کئی قراردادیں فلسطین پر پہلے بھی پاس ہوئیں، نتائج پر فوکس کرنا ہوگا۔