اسرائیل کو غزہ میں بطور قابض قوت حق دفاع حاصل نہیں: اقوام متحدہ

نیویارک (مشرق نیوز) اقوام متحدہ کی نمائندہ برائے مقبوضہ فلسطینی علاقہ جات فرانسیسکا البانیز نے کہا ہے کہ اسرائیل کو غزہ میں حق دفاع حاصل نہیں کیونکہ وہ وہاں قابض قوت ہے۔فرانسیسکا البانیز کو مئی 2022 میں تین سال کیلئے تعینات کیا گیا تھا اور وہ یہ بھی سمجھتی ہیں کہ سات اکتوبر کو حماس کے کثیر جہتی حملے پر اسرائیل کا فوجی ردعمل محض اپنی سرزمین اور اپنے شہریوں کے دفاع سے آگے بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دفاع کا حق جسے اسرائیل نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت استعمال کیا ہے وہ بالکل واضح ہے۔ یہ ایک ریاست کو کسی دوسری ریاست سے ہونے والے حملے کو پسپا کرنے کا حق دیتا ہے لہٰذا حملے کو پسپا کرنے کیلئے ضروری کارروائی اس کی شدت اور وسعت پر مبنی ہونی چاہیے اور یہ متناسب ہونا چاہیے۔اقوام متحدہ کی نمائندہ برائے مقبوضہ فلسطینی علاقہ جات نے کہا کہ ’بین الاقوامی عدالت انصاف کا اصول قانون کہتا ہے کہ فوجی قبضے کے تناظر میں اپنے دفاع کا اطلاق نہیں ہو سکتا، جبکہ اس معاملے میں اسرائیل کسی دوسری ریاست، دوسرے لوگوں پر قابض ہے۔