ٹوبہ ٹیک سنگھ (میاں افتخار) میونسپل کمیٹی کی ملکیت تہہ بازاری اور کرایہ دار ی دکانوں کے کرایہ کی مد میں کروڑوں کے واجبات ادا نہ کرنے پر ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک عباس ذوالقرنین اعوان کے حکم پر جھنگ روڈ ،جنید مارکیٹ اور اندرون لاری اڈہ سمیت شہر کے دیگر مقامات پر دکانوں کو سیل (سر بمہر) کردیا گیا ،باوثوق ذرائع کے مطابق شہر بھر میں میونسپل کمیٹی کی ملکیت دکانوں کے کرایہ کی مد میں 14کروڑ روپے سے زائد کے واجبات سالہا سال سے ادا نہیں کئے گئے ،جبکہ حال ہی میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے دکانوں کے کرایوں میں کئی گنا اضافہ کیا گیا تھا ،جسے دکانداروں اور انجمن تاجراں کے نمائندوں نے مسترد کردیا ،جبکہ سالہا سال کے کرایہ کے بقایا جات تاحال جمع نہیں کروائے گئے ،اور کرایہ کی مد میں 14کروڑ روپے کے بقایا جات میونسپل کمیٹی انتظامیہ وصول کرنے میں ناکام چلی آرہی ہے ،جس پر ضلعی افسران نے بقایا جات کی ریکوری کیلئے حالیہ سخت فیصلہ کے بعد دکانیں سیل (سر بمہر) کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے ،یاد رہے کہ میونسپل کمیٹی کی طرف سے عرصہ دراز قبل ایسے افراد کو شہر کے مختلف مقامات پر دکانیں الاٹ کی گئی تھیں جو لوگ بازار میں روزگار کمانے کیلئے ریڑھیاں لگاتے تھے ،دکانیں ملنے کے بعد بعض ریڑھی چھابڑی فروش تو اپنی دکانوں میں منتقل ہوگئے ،مگر بعض نے اپنی دکانیں دیگر لوگوں کو کرایہ پر دے دیں ،اور بعض نے لاکھوں روپے کے عوض دوسرے لوگوں کو غیر قانونی طور پر فروخت کردیں ،میونسپل کمیٹی کی طرف سے الاٹ کردہ دکانیں کرایہ پر یا فروخت نہیں کی جاسکتی تھیں ،لیکن اس وقت صورتحال یہ ہے کہ شہر بھر میں 15سے 20فیصد ہی ایسی دکانیں ہیں جن میں مالکان خود کاروبار کررہے ہیں ،جبکہ باقی دکانیں یا تو پانچ ،پانچ مرتبہ فروخت ہوچکی ہیں یا پھر لوگوں نے کاروبار کرنے کی بجائے دیگر افراد کو کرایہ پر دے رکھی ہیں ،ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ انتظامیہ کرایہ کے بقایا جات وصول کرنے کے بعد میونسپل کمیٹی کی ملکیت دکانوں کو دوبارہ نیلام کرنے کا پروگرام بنا رہی ہے ،جبکہ ضلعی افسران کا کہنا ہے کہ سرکاری بقایا جات کی وصولی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی ۔
ٹوبہ:کروڑوں کے واجبات کی عدم ادائیگی،میونسپل کمیٹی نے متعدد دکانیں سربمہر کر دیں

















