غیرملکیوں کے انخلا کی مدت میں کوئی توسیع نہیں ہوگی :وزیر داخلہ کا دوٹوک اعلان
اسلام آباد(بیورورپورٹ) نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کی مدت میں توسیع کا کوئی امکان نہیں ،وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا حکومت کی جانب سے غیر ملکیوں کو دیے گئے الٹی میٹم میں صرف 2 روز باقی ہیں، ہم نے جیو فیسنگ اور جیو میپنگ مکمل کرلی ہے اور ہمارا پلان تیار ہے،اب لوگ پاکستان ویزہ لیکر آئیں گے، کسی ملک میں ایسانہیں ہوتاکہ بغیر سرکاری دستاویز کے 12سے 15ہزار لوگ آتے جاتے رہیں، 31 اکتوبر کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کےلئے کوئی جگہ نہیں ہے،انہوں نے کہا قلعہ عبداللہ میں بھی پاسپورٹ آفس شروع کیا جا رہا ہے، بلوچستان کے سرحدی علاقے میں کاروبار پر کوئی پابندی نہیں، ہم نے صرف سمگلنگ پر پابندی عائد کی ہے،ایک سوال کے جواب میں نگران وزیر داخلہ نے کہا انتخابات میں سکیورٹی کا چیلنج بہت بڑا ہے لیکن ہم اس چیلنج سے بھی نبردآزما ہوں گے۔

















