پی آئی اے، روزانہ 50 کروڑ کا نقصان، خسارہ 712.8 ارب تک پہنچ گیا

لاہور (خبرنگار) ملکی معیشت میں نقصان پہنچانے والے اداروں میں پہلے نمبر پر پی آئی اے ہے جو یومیہ 50 کروڑ روپے کا مالی نقصان اٹھا رہی ہے اور جون تک اس کا مجموعی خسارہ 712.8 روپے تک پہنچ چکا ہے۔مسلسل مالی خسارے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری ناگزیر ہے، اس وقت تین سرکاری ادارے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچا رہے ہیں، لیکن ان میں سر فہرست قومی ایئرلائن پی آئی اے ہے۔جون 2023 تک پی آئی اے کا مجموعی خسارہ 712.8 ارب روپے تک جا پہنچا، اور یہ ادارہ روزانہ 50 کروڑ روپے کا مالی نقصان کررہا ہے، جبکہ پی آئی اے کو صرف چلائے رکھنے کا مالی نقصان 156 ارب روپے ہے، اور پی آئی اے کے ذمے 435 ارب روپے کا قرض بھی واجب الادا ہے۔ دوسری طرف مالی بحران میں گھری قومی ایئر لائنز کا شیڈول معمول پر نہ آسکا ، پی آئی اے کی بدھ کے روز بھی 49 سے ز ائد پروازیں اڑان نہ بھر سکیں۔ دریں اثناءترجمان قومی ایئر لائنز نے پروازوں کی منسوخی پر وضاحتی بیان جاری کر دیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئر لائنز کا گزشتہ 2 ہفتوں سے معمول کا آپریشن معطل ہے جبکہ یومیہ بنیاد پر پروازیں شیڈول کی جا رہی ہیں، ایندھن کی مقدار میں دستیابی کو مد نظر رکھ کر پروازیں چلائی جا رہی ہے، صرف وہ پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں جن کیلئے ایندھن کی فراہمی یقینی ہوتی ہے۔پی آئی اے ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کی بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ ہو رہی ہیں، یہ کہنا درست نہیں، قومی ایئرلائنز کی جانب سے پی ایس او کو ایندھن فراہمی کیلئے پیشگی ادائیگی کی جاتی ہے، انتظامیہ اپنے ذرائع سے کچھ فنڈز کے حصول کیلئے کوشاں ہے، فنڈز دستیاب ہوتے ہی پی آئی اے معمول کی پروازیں چلانا شروع کردیگی۔قومی ایئرلائنز کے ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے نے اپنا بین الاقوامی آپریشن بحال رکھنے کیلئے منصوبہ بندی کر رکھی ہے، بین الاقوامی آپریشن میں کینیڈا، ترکی، چین، ملائیشیا اور سعودی عرب کے آپریشن کو ترجیح دی جا رہی ہے تاہم اندرون ملک آپریشن متاثر ضرور ہے مگر اس کی بتدریج بحالی کی منصوبہ بندی پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مسافروں کو ان کی مطلوبہ پروازوں کے متعلق پی آئی اے کال سینٹر کے ذریعے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے، آپریشن متاثر ہونے سے مسافروں کو درپیش مشکلات اور زحمت کیلئے معذرت خواہ ہیں۔