غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی پر مغرب کا دہرا معیار قابل مذمت ہے :مشاہد حسین

لوآنڈا (مشرق نیوز) فلسطینیوں اور انسانیت کے خلاف اسرائیل کے جرائم قابل مذمت ہیں۔ اسرائیل کے حامی مغربی ممالک منافقت اور دوہرے معیار سے کام لے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انگولا میں منعقدہ انٹرپارلیمنٹری یونین (IPU) کی سالانہ کانفرنس میں پاکستانی وفد کے سربراہ اور ادارہ¿ نظریہ¿ پاکستان کے وائس چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اسلامو فوبیا کے تدارک کیلئے قانونی سازی کی ضرورت پر بھی زور دیا جو مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک اور پرتشدد واقعات کا باعث بنتا ہے۔ واضح رہے کہ 170 ممالک کی پارلیمنٹس انٹر پارلیمانی یونین کی ممبر ہیں جس کی ایگزیکٹو کونسل نیز پارلیمنٹس کے اراکین کے انسانی حقوق اور امن و جمہوریت کی کمیٹیوں کے رکن کی حیثیت سے پاکستان بڑا فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان کے پارلیمانی وفد میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹ رشہزاد وسیم‘ سینیٹر سعدیہ خاقان عباسی اور سینیٹر عطاءالرحمن شامل ہیں جبکہ سینیٹ آف پاکستان کے سیکرٹری قاسم صمد اور زمبابوے میں پاکستان کے سفیر مراد بصیر بھی وفد کی معاونت کیلئے موجود ہیں۔ کانفرنس کے دوران سینیٹر مشاہد حسین سید نے جنرل اسمبلی سے تین بار خطاب کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے اسلامی ممالک کے گروپ اور ایشیا پیسیفک ریجنل گروپ کے اجلاسوں سے بھی خطاب کیا۔ مزید برآں انہیں سوشلسٹ انٹرنیشنل گروپ کی طرف سے بھی خطاب کیلئے مدعو کیا گیا۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے اپنے خطاب میں تین مرکزی نکات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اول‘ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی رو سے فلسطین پر اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کے خلاف فلسطینیوں کی مزاحمت بالکل جائز ہے کیوں کہ یہ 56 سال سے جاری ناجائز قبضے نیز فلسطینی بچوں‘ عورتوں اورمردوں پر بہیمانہ تشدد اور انہیں شہید کرنے اور مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم 560 چیک پوائنٹس پر فلسطینیوں سے غیر انسانی سلوک کے خلاف فطری ردعمل ہے۔ دوم‘ مغربی ممالک بالخصوص امریکہ کی منافقت اور دوہرے معیار بھی اسرائیل کے جرائم کے ذمہ دار ہیں۔ یہ ممالک غزہ میں جنگ بندی کے بھی خلاف ہیں کیوں کہ وہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کا قتل عام جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ ان کی اسی پالیسی کے باعث اسرائیل کو شہ ملی ہے کہ اس نے 19 ہسپتالوں کو اندھا دھند بمباری کا نشانہ بنایا ہے جن میں صرف الاہلی ہسپتال میں 500 فلسطینی بچے شہید ہوئے‘ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں 25 فیصد گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے اور چھ لاکھ فلسطینی بے گھر ہو گئے۔ سوم‘ اسرائیل نے فلسطینیوں کو ہمیشہ ”دہشت گرد“کہا ہے چاہے وہ یاسر عرفات ہویا حماس حالانکہ حماس ایک سیاسی تنظیم ہے جو 2007ءکے انتخابات میں کامیابی حاصل کر چکی ہے اور جنہیں سابق امریکی صدر جمی کارٹر نے مشرقی وسطیٰ کے سب سے زیادہ آزاد انتخابات قرار دیا تھا۔ مشاہد حسین سید نے پاکستان کی طرف سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی فوری بند کی جائے‘ غزہ کا سولہ سالہ طویل محاصرہ اور اسرائیل کا قبضہ ختم کیا جائے‘ مسلمانوں کے مقدس مقامات کی بے حرمتی بند کی جائے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت یروشلم ہو۔ مشاہد حسین سید نے اپنے خطاب میں اسلاموفوبیا کو مختلف النوع معاشروں میں بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے لیے شدید خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی بنیاد نفرت‘ ہٹ دھرمی اور نسل پرستی پر رکھی گئی ہے جس کے باعث مغربی معاشروں میںمسلمانوں کو تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کی وجہ سے مسلمانوں کے بنیادی عقائد اور جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے واقعات سامنے آتے ہیں جن میں توہین رسالت اور قرآن مجید کی بے حرمتی بھی شامل ہے۔ ایسے واقعات کسی مسلمان کے لیے قابل قبول نہیں ہیں‘ لہٰذا مغربی ممالک میں اسلامو فوبیا کے تدارک کیلئے ضروری قانون سازی ناگزیر ہو چکی ہے۔ مشاہد حسین سید کو انٹر پارلیمنٹری یونین کی طرف سے پاکستان کے ایوانِ بالا سینیٹ کے طریقِ کار بالخصوص اقوام متحدہ کی طرف سے طے کردہ ”پائیدار ترقی کے اہداف“ کے حصول کے متعلق پریزنٹیشن دینے کی بھی دعوت دی گئی جس کے دوران سینیٹر مشاہد حسین سید نے زور دیا کہ پارلیمنٹس کو تمام طبقوں کی نمائندہ‘ شفاف اور عوامی امنگوں کی آئینہ دار ہونا چاہیے۔ انہوںنے پارلیمنٹ کو جمہوریت کا محور اور ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے بے آوازوں کی آواز بننے کا کردار ادا کرنا چاہیے اور بطور ایک اصول اختلاف رائے کے حق کو ہمیشہ سربلند رکھنا چاہیے۔ سوشلسٹ انٹرنیشنل سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے ارکان کو ملٹری ازم اور نئی سرد جنگ نیز ایشیاءکی سمت نیٹو کی توسیع کی مخالفت کرنی چاہیے اور غریب پرور پالیسیوں کو فروغ دینا چاہیے کیوں کہ مغرب کا سرمایہ دارانہ معاشی ماڈل ناکامی سے دوچار ہو چکا ہے۔ انہوں نے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت اکیسویں صدی میں باہمی اشتراک اور تعاون کو بہت فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی میں ایشیا اور افریقہ میں ترقی اور خوشحالی کا عمل تیز تر ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں انہیں بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کا موقع ملا ہے جس میں 140 سے زائد ممالک کے 4000 ہزار مندوبین شریک تھے۔ مشاہد حسین سید نے پاکستان اور افریقہ کے باہمی تعلقات کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ‘ زمبابوے‘ اریٹیریا‘ نمیبیا‘ موزمبیق‘ انگولا‘ گنی بساﺅ‘ الجزائر‘ تیونس اور مراکش کی تحاریک آزادی کی بڑھ چڑھ کر حمایت کی ہے۔