حافظ آباد (قمر عباس)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد سند س ارشاد نے زیر تعمیر نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال، یونیورسٹی آف حافظ آباد اور باب حافظ آباد کی سائٹ کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ تصو ر عباس، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عمر شریف راٹھور، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اظہر جنجوعہ، ایکسئین بلڈنگ سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ زیر تعمیر نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے دورہ کے موقع پر ایکسئین بلڈنگ نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبہ پر جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے تعمیر ہونے والے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنرکاکہنا تھا کہ نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی تعمیر سے حافظ آباد اور اس کے گر د ونواح کے عوام کو علاج معالجہ کی جدیداور معیاری سہولیات دستیاب ہو نگی۔اس موقع پر انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ اس اہم عوامی فلاح و بہبود، علاقہ کی تعمیر و ترقی کے اس میگا پراجیکٹ کی معیار کے مطابق مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے تا کہ عوام اس اہم منصوبے کی تکمیل سے جلد استفادہ حاصل کر سکے او رانہیں علاج معالجہ کی بہتر سہولیات دستیاب ہو سکیں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے یونیورسٹی آف حافظ آباد کے منصوبے کا دورہ کر تے ہوئے وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز نے انہیں یونیورسٹی کے پراجیکٹ اور اس میں شروع کیے جانے والے پروگراموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ دونوں بڑے منصوبوں کے تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے میٹریل کو ہر لحاظ سے کوالٹی کے مطابق ہونا چاہیے اور حکومت کی جانب سے جو بھی فنڈز فراہم کیے جارہے ہیں انہیں بلا تاخیر ان پر خرچ کیا جائے تا کہ یہ منصوبے جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچ سکیں۔ ڈپٹی کمشنر سند س ارشا د نے گوجرانوالہ روڈ پر تعمیر کیے جانے والے باب حافظ آباد کے منصوبے کا بھی دورہ کیا اور اسکے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ باب حافظ آباد کی تعمیر شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ثابت ہو گئی بیرون شہر وں سے آنے والے لوگوں کو حافظ آباد داخلہ کے وقت شہر کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش سے یہاں سے ایک اچھے ماحول کا آندازہ ہو گا۔
عوامی فلاحی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے ،ڈپٹی کمشنر حافظ آباد



















