اورنج ٹرین کامیاب منصوبہ، ایکو فرینڈلی سسٹم کی طرف بڑھ رہے ہیں :ابراہیم مراد

لاہور (کامرس رپورٹر) وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم مراد نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے 3 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں گرانقدر تحفہ پر چین کا شکریہ ادا کیا اور اورنج ٹرین میں کام کرنے والے ملازمین کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ اورنج ٹرین عام آدمی کی سواری اور پاک چائنہ دوستی کی بہترین مثالوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اورنج ٹرین سے گذشتہ 3 سالوں میں 120 ملین افراد مستفید ہوئے۔ لوگ اسے اپنے لئے محفوظ سواری تصور کرتے ہیں۔ اورنج ٹرین اور اس جیسے دیگر پراجیکٹس اس امر کا ثبوت ہیں کہ پاک چین دوستی ذاتی مفادات پر نہیں بلکہ مشترکہ کاز پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین زراعت، لائیو سٹاک، پاور سیکٹر اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں معاونت کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دوستی گراس روٹ لیول پر ہے جس کا ثبوت وزیر اعلیٰ پنجاب کے چین دورہ کے موقع پر دو جڑواں شہروں کے مابین ہونے والا ایم او یو ہے۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ ہمارے پاس پنجاب میں بہت پوٹینشل موجود ہے۔ لوگوں کو اپنی سکلز کے استعمال کا موقع دیا جائے تو ترقی کی نئی جہتیں پیدا ہوں گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ اگر ہم ٹریڈنگ کے معاملے میں چین کے تجربات سے استفادہ کریں گے تو کوئی زمینی طاقت ترقی سے نہیں روک سکتی۔ انہوں نے اس امر کو بھی سراہا کہ چائنہ کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں ملازمت کے مواقع بڑھے ہیں۔ چین کے ہر پراجیکٹ کی بدولت ہزاروں پاکستانیوں کو روزگار ملا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اورنج ٹرین پر روزانہ کی بنیاد پر تقریباً ڈھائی لاکھ کے قریب مسافر سفر کرتے ہیں۔ اس پر تقریباً 8 ارب کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ابراہیم مراد نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ طلبہ کیلئے مفت سفری سہولیات کے بعد اب معذور اور بزرگ شہریوں کو بھی یہ سہولت دینے پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے ایکو فرینڈلی ٹرانسپورٹ سسٹم کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اسی ضمن میں لاہور میں الیکٹرک بسیں چلانے اور اورنج ٹرین منصوبے کو دیگر بڑے شہروں تک وسعت دینے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں گذشتہ ماہ چین کے دورہ کے موقع پر بے شمار نئے پراجیکٹس کے حوالے سے معاہدے کئے گئے جن کے آغاز سے پنجاب میں ترقی کا نیا باب کھلے گا۔