عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات تیز کرنے کاحکم

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیراعظم نے پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے فوائد عوام تک پہنچانے کیلئے اقدامات تیز کرنے کاحکم دےدیا۔

پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے و قیمتوں میں کمی یقینی بنانے کیلئے جائزہ اجلاس ہوا،وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے حکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فوائدعام آدمی تک پہنچانے کیلئے اقدامات کو تیز تر کیا جائے اور ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے، ڈالر کی قیمت میں استحکام اور پٹرولیم قیمتوں میں کمی کی بدولت مجموعی طور پر 41 ارب کی بچت ہوئی ،ریلیف عام آدمی تک پہنچے گا۔

وزیراعظم نے کہابلوچستان میں گندم کی قیمت میں 18 اور چینی کی قیمت میں اوسطاً 16 فیصد کمی خوش آئند ہے۔

دریں اثنا پی آئی اے امور پرمنعقدہ جائزہ اجلاس میںنگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا خسارے کا شکار سرکاری اداروں کی جلد سے جلد نجکاری کرکے عوامی ٹیکس کے پیسوں کو ضائع ہونے سے بچائیں گے۔