انتقام کی تمنا نہیں،ترقی وخدمت مشن،پاکستان کو جنت بنائیں گے،نوازشریف

دبئی، اسلام آباد، لاہور (رپورٹنگ ٹیم) سابق وزیراعظم و قائد مسلم لیگ (ن) نوازشریف نے کہا ہے عوام کو دیکھ کر سارے دکھ بھول گیا مگر والدہ و اہلیہ کا زخم کبھی بھر نہیں سکتا، دل میں رتی برابر بھی بدلے اور انتقام کی خواہش نہیں، خدمت مشن ہے، کشکول توڑ کر پاکستان کو پھر جنت بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینار پاکستان پر استقبالیہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نوازشریف نے کہا آپ سے کئی سالوں بعد ملاقات ہوئی مگر محبت کا رشتہ ختم نہیں ہوا، آپکی آنکھوں و چہروں پر نظر آنے والا خلوص ہی میرا ناز ہے، رشتہ کئی دہائیوں سے چل رہا ہے، نوازشریف نے آپکو اور آپ نے نوازشریف کو کبھی دھوکہ نہیں دیا، جب بھی موقع ملا بہت خلوص سے محنت کی، پاکستان کے مسائل حل کئے، مجھے جیلوں میں ڈالا گیا، ملک بدر کیا گیا، جعلی کیسز میرے، شہباز اور مریم نواز سمیت پارٹی قائدین کےخلاف بنائے گئے، کوٹ لکھپت جیل میں میری آنکھوں کے سامنے مریم کو گرفتار کیا گیا، مریم کی چھوٹی بیٹی ماں کو گرفتار ہوتے دیکھ رہی تھی، اتنا ظلم، حنیف عباسی، رانا ثنا کو گرفتار کیا بلکہ سزائے موت دینے کے چکر میں تھے لیکن (ن) لیگ کا جھنڈا کسی نے اپنے ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔

قائد (ن) لیگ نے کہاکون ہے جو آپ کو اور ہمیں جدا کردیتا ہے، ہم نے تو پاکستان کی خدمت کی اور ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، عوام کو سستے داموں بجلی دی، عوام کو اتنی بڑی تعداد میں دیکھ کر اپنے سارے دکھ و درد بھول گیا، یاد بھی نہیں کرنا چاہتا، کچھ دکھ درد ایسے ہوتے ہیں جنہیں انسان بھلا نہیں سکتا، کچھ زخم ایسے ہوتے ہیں جو کبھی نہیں بھرتے، مال و دولت تو واپس آجاتا ہے مگر جو پیارے بچھڑتے ہیں وہ واپس نہیں آتے۔

نوازشریف نے کہا میری والدہ و اہلیہ سیاست کی نظر ہوگئے، مجھے دوبارہ نہیں ملیں گے اور ایسا زخم ہے جو کبھی بھرے گا نہیں، میں اپنے والد، والدہ کو قبر میں نہیں اتار سکا،بیوی کی خبر جیل میں دی گئی، سپریٹنڈنٹ سے بار بار اپیل کی لندن میں بیٹوں سے بات کرا دو مگر نہیں کرائی گئی حالانکہ موبائل و لینڈ لائن فون بھی تھا مگر جیلر نے انکار کیا اور کہا اجازت نہیں ہے،اڑھائی گھنٹے بعد جیلر کے ماتحت بندے نے مجھے آکر خبر دی کلثوم نواز انتقال کرگئیں، اب مریم کو اطلاع دیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہامیں نے مریم کو اطلاع دینے سے روکا اور کہا یا تو مجھے لے کر چلو یا پھر مریم کو میرے پاس لاو¿، دونوں کاسیل قریب ہونے کے باوجود ملاقات کی اجازت نہیں تھی، جب مریم کو والدہ کے انتقال کا بتایا تو بے ہوش ہوگئیں اور پھر گلے لگ کر زار و قطار رونے لگی، نوازشریف نے کہا دنیا کا طاقتور صدر مجھے کہہ رہا تھا دھماکے نہ کرنا لیکن دھماکے کئے، میری جگہ کوئی اور ہوتا تو کیا امریکی صدر کے خلاف بول سکتا تھا، وزارت خارجہ میں سارا ریکارڈ موجود ہوگا امریکہ نے ایٹمی دھماکوں سے روکنے کیلئے 5 ارب ڈالر کی پیشکش کی تھی مگر میں نے ٹھکرا دیا اور آج ایک ارب ڈالر کی بھیک مانگ رہے ہیں، نواز شریف کو امریکہ کے سامنے ڈٹ جانے کی سزا دی گئی اور حکومت سے نکالا گیا کیونکہ نوازشریف وطن کی مٹی سے بنا سچا پاکستانی ہے جو اصولوں پر ڈٹ جاتا ہے۔

قائد (ن) لیگ نے اس موقع پر بجلی، ڈالر،پٹرول اور روٹی کی قیمت کا اپنے دور حکومت سے موازنہ کیا اور سوال کیا مجھے اس لیے نکالا تھا روٹی 4 روپے کی رکھی۔ پٹرول، ڈالر کی قیمتیں بڑھنے نہیں دیں،ڈالر کو ہلنے نہیں دیا، اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی اس لئے وزارت عظمیٰ سے نکالا، ملک ترقی کی جانب گامزن تھا مگر کسی کو اچھا نہیںلگ رہا تھا۔

نوازشریف نے دعویٰ کیا پہلی بار وزیراعظم بننے کے بعد جو منصوبے شروع کئے، اگر کام ہوتا تو ملک میں کوئی غریب نہ ہوتا، ہر شخص اپنے بچوں کو اچھی پڑھائی، علاج کی سہولیات دے سکتا تھا جبکہ اب حالات اتنے مشکل ہوگئے، ادھار لےکربجلی کا بل دینا پڑتا ہے، لوگ خودکشیاں کررہے ہیں، اپنے دور میں د ھرنوں کے باوجود کام کرتے رہے،موٹرویز، ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا، سچا پاکستانی ہوں، ملک کی محبت میرے سینے میں ہے، اینٹ کا جواب پتھر سے دوں، میں ایسا نہیں کرتا، زخم اتنے لگے بھرتے بھرتے وقت لگے گا، دل میں انتقام کی تمنا نہیں، تمنا ہے قوم خوشحال ہو، قوم کی خدمت کرنا چاہتا ہوں، ملک کو پھر جنت بنائیں گے، تعمیر و ترقی کا کونسا کام ہے جو نہیں کیا، ہمارا بیانیہ پوچھنا ہے تو اخلاقیات سے پوچھو، اورنج لائن سے پوچھو، کراچی کی گرین لائن، چاغی کے ایٹمی دھماکوں سے پوچھو،ڈالر کے ریٹ اور غریب کے بجلی بل سے پوچھو، ریاست کے ستونوں کو آئین کے مطابق ملکرکام کرنا ہوگا۔

قائد (ن) لیگ نے کہا 4 سال بعد بھی میرا جوش و جذبہ مانند نہیں پڑا، فیصلہ کرنا ہوگا کس طرح کھویا مقام حاصل کرنا ہے، ڈبل سپیڈ کےساتھ دوڑنا ہوگا اور کسی طرح ہاتھوں میں پکڑا کشکول توڑکراپنے پاو¿ں پر کھڑا ہونا ہوگا، عوامی مسائل کے حل کیلئے آئین پر عملدرآمد کرنیوالے اداروں، جماعتوں اور ریاستی ستونوں کو ملکر کام کرنا ہوگا،سابق وزیراعظم نے کہا 40 سال کا نچوڑ بتا رہا ہوں، ملکرکام کئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، سب کو اکٹھا ہونا پڑےگا، بنیادی مرض دور کرنا پڑیگا جس کی وجہ سے ملک باربار حادثے کا شکار ہوجاتا ہے، 4 سال بعد بھی میرا جوش و جذبہ مانند نہیں پڑا، فیصلہ کرنا ہوگا کس طرح کھویا مقام حاصل کرنا ہے، ڈبل سپیڈ کے ساتھ دوڑنا ہوگا اور کسی طرح ہاتھوں میں پکڑا کشکول توڑکراپنے پاوں پر کھڑا ہونا ہوگا۔

نوازشریف نے کہاہمسائیوں کےساتھ لڑائی کرکے ترقی نہیں کرسکتے، کشمیر کے حل کےلئے باوقار طریقے سے تدبیر کےساتھ آگے بڑھنا ہوگا، میرے دل میں رتی برابر بھی بدلے اور انتقام کی خواہش نہیں،دعا ہے دل میں کبھی انتقام کی بات نہ آئے، غالب ہمیں نہ چھیڑ پھر جوش عشق سے، ہمارے زخموں کو نہ چھیڑو ورنہ اتنے آنسو نکلیں گے کہ طوفان آجائے گا،چاہتا ہوںقوم کے لوگ خوشحال ہوجائیں، روشنی کے چراغ جلیں، روزگار ملے، بیروزگاری نہ ہو، 23 سال کے دوران زیادہ تر وقت ملک سے باہر یا جیل میں رہا، اگر 23 سال پاکستان کو دئیے ہوتے تو پاکستان جنت بنا ہوتا، پاکستان کو جنت بنائیں گے۔

قائد (ن) لیگ نے مزید کہا کسی کی پگڑی اچھالنے والے نہیں، پگڑی اچھالنا ان (مخالفین) کا کام تھا ہمارا نہیں، ملک کو آئی ٹی طاقت بنائیں گے،آئندہ کسی کو ملک سے کھلواڑ کی اجازت نہ دینا،گالی کا جواب گالی سے نہیں دینا، راستہ کٹھن ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں، برآمدات بڑھانی، زراعت کی انقلابی اصلاحات کرنی ہے، پاکستان کو آئی ٹی پاور بنائیں گے، پہلے بھی کیا اب بھی کرکے دکھائیں گے، مٹی کی محبت میں وہ قرض اتارے جو واجب بھی نہیں تھے، کوشش کریں گے اللہ مشکلوں سے نکالے گا، زخم اتنے لگے بھرتے بھرتے وقت لگے گا، نوازشریف نے کہا تسبیح میرے پاس بھی ہے لیکن میں تب پڑھتا ہوں جب مجھے کوئی دیکھ نہ رہا ہو، بغل میں چھری منہ میں رام رام یہ مجھے نہیں آتا، اللہ سے لو لگا کر آپ جو مانگیں گے وہ آپ کوعطا کریگا، ندامت کا ایک آنسو سارے گناہ دھو دیتا ہے، سابق وزیراعظم نے فلسطین کا پرچم لہراتے ہوئے کہافلسطین پرظلم کی مذمت کرتے ہیں، اللہ فلسطین کی مدد کرے، دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں فلسطین کا حل نکالو۔

قبل ازیں دبئی ائیرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہم 9 نہیں، 28 مئی والے ہیں، پہلے بھی کہا سب اللہ پر چھوڑا اب بھی اللہ پر چھوڑتا ہوں، انصاف چاہتے ہیں ، بہت ہی اچھا ہوتا 2017 کے مقابلے میں حالات بہتر ہوتے مگر دکھ کی بات ہے ملک آگے جانے کی بجائے پیچھے چلا گیا جو ملک آئی ایم ایف کو بھی خدا حافظ کہہ چکا تھا اب مسائل کا شکار ہے، حالات بگاڑے بھی خود ہی ہیں اب ٹھیک بھی خود ہی کرنے ہیں، ملکی مسائل حل کر نے کی قابلیت رکھتے ہیں۔

نوازشریف نے کہا لوڈشیڈنگ ختم، علاج کی سہولت موجود،روٹی سستی،غریب کا بچہ سکول جاتا تھا، کیا وہ پاکستان آج نظر آتا ہے، ملک کو دوبارہ پاﺅں پر کھڑا کریں گے، انتخابات کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرسکتا ہے اور وہی مجاز ادارہ ہے، الیکشن کمیشن جب کوئی تاریخ دے گا تب ہوں گے، میری ترجیح وہی ہے جو الیکشن کمیشن تاریخ دے گا، شفاف الیکشن کمیشن معاملے میں بہتر فیصلہ کرسکتا ہے، الیکشن کےلئے تیار ہیں مگر ابھی حلقہ بندیاں ہونی ہیں، مردم شماری کے بعد پراسس میں وقت لگتا ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہامیں وہ شخص ہوں جس نے جیلیں دیکھیں، بیٹی وزیر تھی نہ مشیر پھر بھی پکڑ لیا مگر بالآخر کلین چٹ ملی جو ملنی ہی چاہئے تھی، شہباز شریف، رانا ثناکو بھی پکڑا گیا، سرخرو ہوکر وطن جا رہا ہوں، پاکستان سے باہر جانے پر خوشی نہیں تھی، وطن واپسی پر خوش ہوں۔نواز شریف نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ آپ لوگ بھی سومرتبہ درود ابراہیمی پڑھا کریں، ندامت کا ایک آنسو زندگی کے سارے گناہ دھو دیتا ہے، اللہ کو یاد کر کے ایک آنسو بہائیں ،اللہ تقدیر بدل دیتا ہے، اللہ تعالیٰ سب پر رحم فرمائے، اللہ تعالیٰ سب کو فرض شناس پاکستانی بنائے۔