بیجنگ (شِنہوا) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے چینی سرمایہ کاروں کو گرین انرجی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے پاکستان کےلئے چین کےساتھ برادرانہ تعلقات سے بڑھ کرکوئی رشتہ اہم نہیں، دوطرفہ خصوصی تعلقات پر پاکستان میں قومی اتفاق رائے ہے، پاکستان کسی کو بھی پاک، چین تعلقات متاثر کرنے کی اجازت نہیں دےگا، سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے، پسماندہ و کمزور طبقے کی سماجی و اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کی، منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی اعتماد کا مظہر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی تھنک ٹینک و سکالرز سے خطاب کررہے تھے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا دوطرفہ مباحثے میں شامل ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، مباحثہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب چین، پاکستان اقتصادی راہداری کو 10 سال مکمل ہوچکے، وقت اب تک کے سفر کا جائزہ لینے اور آئندہ کےلئے لائحہ عمل تیارکرنے کا متقاضی ہے۔
وزیراعظم نے کہا پاک، چین لازوال دوستی ہر موقع پر ثابت قدم رہی، دونوں ممالک کے مابین تعلقات باہمی اعتماد و مشترکہ مفادات کی بنیاد پر استوار ہیں، پاکستان کےلئے چین کےساتھ برادرانہ تعلقات سے زیادہ کوئی اور رشتہ اہم نہیں، سی پیک دونوں ممالک کے بڑھتے اقتصادی و تجارتی تعلقات کی علامت ہے، انقلابی منصوبہ پائیدار ترقی کے قومی ایجنڈے کو آگے بڑھا رہا ہے، سی پیک کی بدولت 10 سال میں پاکستان کا سماجی معاشی منظر نامہ بدل گیا، گلگت سے کراچی و گوادر کی بندرگاہوں تک پاکستان کی سماجی و اقتصادی لینڈ سکیپ میں تبدیلی نظر آرہی ہے۔ سی پیک نے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنایا، سی پیک منصوبوں سے نوجوان آبادی کو ترقی کے مواقع ملے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا روزگار کے مواقع، غربت میں کمی، دیہی علاقوں کی ترقی میں سی پیک نے مرکزی کردار ادا کیا، میرا تعلق نسبتاً کم ترقی یافتہ صوبے بلوچستان سے ہے، سی پیک بلوچستان کےلئے بھی ترقی و خوشحالی لایا ہے، منصوبہ چین اور پاکستان کے درمیان تزویراتی اعتماد کا مظہر اور ترقی و روشن مستقبل کے حصول کےلئے پاکستان کے عزم کا اظہار بھی ہے۔
وزیراعظم نے کہا سی پیک افغانستان و خطے کے دیگر ممالک کےلئے بھی مواقع لےکر آیا ہے۔ چین، پاکستان گوادر کو علاقائی روابط کا مرکز بنانے کےلئے پرعزم ہیں، سی پیک سے استفادہ کےلئے نئے شراکت داروں کو خوش آمدید کہنے کےلئے تیار ہیں، منصوبہ سنٹرل ایشیاو مڈل ایسٹ کےلئے بھی سود مند ہے، سی پیک نے لاکھوں لوگوں کےلئے نئے مواقع پیدا کئے، 800 کلومیٹر نئی سڑکوں و شاہراہوں کا نیٹ ورک بچھایا، نیشنل گرڈ میں 8000 میگاواٹ بجلی شامل ہوئی۔
انوار الحق کاکڑ نے سی پیک کے نئے مرحلے میں چینی سرمایہ کاروں کو گرین انرجی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا پاکستان صنعتی پارکس، انڈسٹریل زونز کے قیام کےلئے چینی ماڈل سے سیکھنے کا خواہاں ہے، سولر پارکس میں سرمایہ کاری سے پاکستان انرجی امپورٹ بل کم ،ماحول دوست توانائی حاصل ہوگی، 2030 تک 65 فیصد قابل تجدید توانائی کا حصول چاہتے ہیں، سی پیک کے تحت کلین انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری سے ممکن بنایا جائےگا۔
وزیراعظم نے کہا ارومچی کا بھی دورہ کرونگا،سنکیانگ ،گلگت بلتستان کے درمیان تجارتی راہداری کو مزید بہتر بنایا جائےگا، نوجوانوں کو ہنر و ٹیکنالوجی سے آراستہ کرینگے۔
دریں اثنا وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے بیجنگ میں چین، پاکستان اقتصادی راہداری سی پیک پر منعقدہ گول میز اجلاس کی صدارت کی اور سی پیک پر پاکستان کے علاقائی روابط و پائیدار ترقی کے فروغ کے ویژن کا اظہار کیا، 10 برس میں پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں سی پیک کے مثبت کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
وزیر اعظم نے سی پیک کے پاک، چین دیرینہ دوستی و سٹریٹجک شراکت داری میں کلیدی کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاپاک چین دوستی باہمی تعاون و احترام پر مبنی ہے، دونوں ممالک نے سی پیک کو خوشحالی، روزگار، روابط و گرین ترقی پر مشتمل راہداری میں بدلنے پر اتفاق کیا، گول میز اجلاس کے تمام شرکا نے اتفاق کیا۔ دونوں ملکوں کی کوششوں سے سی پیک نہ صرف علاقائی تجارت و روابط میں مرکزی حیثیت حاصل کریگا بلکہ دونوں ملکوں کے لوگوں کے باہمی تعلقات کو بھی فروغ دےگا۔
مزید برآں چائنا ڈیلی کوخصوصی انٹرویو میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وسیع تر ثمرات کے حامل بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا چین، پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) سب کےلئے مفید تعاون وباہمی اشتراک کا عملی مظہر ہے، منصوبہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹوسے غربت و عدم مساوات کم کرنے میں مدد ملے گی۔ جامع ترقی، لوگوں کے ٹیکس ادا کرنے کی صلاحیت میں بہتری و حکومتوں کی طرف سے قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
انوار الحق کاکڑ نے بی آر آئی منصوبے کوشریک ممالک کوقرضوں کے جال میں جکڑنے کے تاثرکو مسترد کرتے ہوئے کہا چین ترقی پذیر ممالک کو ترقیاتی فنانسنگ کا انوکھا طریقہ کار پیش کر رہا ہے جو بغیر شرائط اور روایتی ترقیاتی مالیاتی ماڈلز سے مختلف ہے، بی آر آئی فنانسنگ کوقرض کے جال کے طور پر بیان کرنا غلط ہے ،منصوبہ شریک ممالک کو عوام کی پائیدار و جامع ترقی کے حصول میں مدد کا اہم ذریعہ ہے۔
وزیراعظم نے کہاچین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان میں 25 ارب ڈالر سے زائد کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی ،مجموعی طور پر 2لاکھ 36 ہزار ملازمتیں پیدا ہوئیں، منصوبہ کھلے، مربوط اور جامع ترقی کے نمونے کی بہترین مثال پیش کرتا ہے جو ملک کے تمام حصوں و معاشرے کے تمام طبقات کو فائدہ پہنچاتا ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا چینی اہلکاروں و اداروں کی فول پروف سکیورٹی، حفاظت ترجیح ہے، حکومت نے چینی کارکنوں و کاروباری افراد کی حفاظت کےلئے سخت حفاظتی پروٹوکول اپنائے ہیں، مشترکہ کوششیں چینی بھائیوں و بہنوں کےلئے محفوظ ماحول فراہم کرنے کےلئے پاکستان کے ٹھوس عزم کی نشاندہی کرتی ہیں جو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور پیشرفت میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ وزیراعظم نے چین کو سٹرٹیجک و قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہامیرے دورے کا مقصد ہر موسم میں آزمودہ تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کےلئے اپنی وابستگی کا اعادہ کرنا ہے۔ اپنی قوم کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کےلئے چین سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے عالمی رہنماﺅں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی۔ انوار الحق کاکڑ عشائیے میں شرکت کیلئے گریٹ ہال آف پیپلز پہنچے، چینی صدر شی جن پنگ اور خاتون اول پانگ لی یوان نے پرتپاک استقبال کیا۔ عشائیے میں روس، کینیا، ایتھوپیا، منگولیا، ہنگری، سری لنکا، قازقستان، ازبکستان، پاپوا نیو گنی، موزمبیق، چلی و دیگر عالمی رہنماﺅں نے شرکت کی۔
نگراں وزیراعظم نے عشائیے میں شریک دیگر عالمی رہنماﺅں سے غیررسمی ملاقاتیں بھی کیں۔
مزید برآں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے چین کے معروف تھنک ٹینک گرینڈ ویو انسٹیٹیوشن کے صدر رینلیبو نے ملاقات کی اور مشترکہ مقاصد و مستقبل کے ویژن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان، چین کے مابین تعلقات کومزید مستحکم بنانے کےلئے چینی تھنک ٹینک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ملکر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا چین، پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، پاکستان کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا، دونوں ممالک کے مابین تعلیم و تحقیق کے شعبے میں تعاون خوش آئند ہے۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کینیا کے صدر ڈاکٹر ولیم روٹو سے بھی ملے۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم و لوگوں کے روابط، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم نے کہا بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کا شراکتی رکن ہونے کے ناطے پاکستان منصوبے کے دوسرے رکن ممالک بشمول کینیا کے ساتھ مزید ترقیاتی منصوبوں و اقدامات پر تعاون کا خواہاں ہے۔ منصوبہ پاکستان کی شراکتی ترقی کیلئے کوششوں و خطے کی خوشحالی کیلئے تعاون کی خواہش کا مظہر ہے۔
ڈاکٹر ولیم روٹو نے کینیا کی جانب سے پاکستان کے زرعی و صحت کے شعبے میں تجربے سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کینیا کے صدر سے پاکستانی صحافی ارشد شریف شہید کے قتل پر بننے والی خصوصی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم رپورٹ کو جلد حتمی شکل دینے میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی۔ وزیر اعظم نے کینیا کے صدر کو جلد پاکستان جبکہ کینیا کے صدر نے وزیر اعظم کو کینیا کا دورہ کرنے کی دعوت دی جسے دونوں رہنماﺅں نے قبول کرلیا۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے بھی اہم ملاقات ہوئی،خطے کی معاشی ترقی کیلئے سلامتی یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا خطے کی معاشی ترقی کیلئے سلامتی یقینی بنانا ضروری ہے، روس عالمی سطح پر غذائی تحفظ کیلئے اقدامات کررہا ہے،غریب ترین افریقی ممالک کو مفت اناج کی فراہمی کا منصوبہ بنالیا ،پیوٹن نے پاکستان کےساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا،اس موقع پر نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا انسداد دہشتگردی کیلئے پاکستان ،روس یکساں موقف رکھتے ہیں، افغانستان میں امن و استحکام کیلئے بھی دو طرفہ تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے،بطور سینیٹر 2 بار روس کا دورہ کرچکا ہوں،پاکستان توانائی شعبے میں روسی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرنے کا منتظر ہے۔
ادھر پاک چین تجارتی تعلقات میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ،چینی کمپنی کےساتھ 2 ارب ڈالرز برآمدات بڑھانے کا معاہدہ طے پا گیا۔ ذرائع وزارت تجارت کے مطابق پاک چین دو طرفہ سرمایہ کاری و تجارت بڑھانے کا معاہدہ طے پایا، معاہدہ نگران وزیر صنعت و تجارت گوہر اعجاز کے دورہ چین کے دوران ہوا۔ ذرائع کے مطابق معاہدے کے تحت چینی کمپنی پاکستان کنسورشیم قائم کریگی، چینی کمپنی پاکستان سے لال مرچ اور گوشت سمیت دیگر مصنوعات درآمد کریگی، چینی کمپنی پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبہ بھی شروع کریگی۔
چین کےساتھ برادرانہ تعلقات سے بڑھ کرکوئی رشتہ اہم نہیں،وزیراعظم



















