کراچی (بیورو رپورٹ) پی آئی اے مالی بحران اور پی ایس او سے ایندھن نہ ملنے کی و جہ سے قومی ائرلائن کا فلائٹ آپریشن درہم برہم ہوگیا، جس سے ہزاروں مسافروں کو پریشانی کے ساتھ شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی روز سے بگڑے ہوئے فلائٹ آپریشن کی وجہ سے مقامی اور بین الاقوامی پروازیں کئی گھنٹوں کی تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں جب کہ پی ایس او سے پی آئی اے کو تاحال بروقت ایندھن کی فراہمی ممکن نہیں ہوسکی۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی کراچی سے تربت جانے والی صبح 7 بجے کی پرواز پی کے 501 بروقت روانہ نہیں ہو سکی اور ایندھن فراہمی میں تاخیر سے تربت کی پرواز 6 گھنٹے تاخیر سے دوپہر ایک بجے شیڈول کردی گئی ہے۔ پی آئی اے کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی صبح 7 بجے کی پرواز ساڑھے 3 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ اسی طرح کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے 302 ساڑھے 4 گھنٹے تاخیر سے دوپہر ساڑھے بارہ بجے شیڈول کی گئی ہے۔
قومی فضائی کمپنی کی اسلام آباد سے دبئی کی پروازیں بھی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ پی آئی اے کی اسلام آباد سے گلگت کی پروازوں کو بھی وقت پر ایندھن فراہم نہ ہونے سے کئی گھنٹے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور سے جدہ کی صبح 7 بجے کی پرواز پی کے 849 بھی تاخیر سے 12 بجے شیڈول کردی گئی۔
ایندھن بحران، پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر، ہزاروں مسافر پریشان

















